• news

باجوڑ:قدیم قلعہ کی دیوارگرنے دو گھر منہدم 4زخمی بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق

خار +اسلام آباد + لاہور (صباح نیوز+اے پی پی+ خصوصی رپورٹر) باجوڑ ایجنسی کے صدر مقام خار میں نواب آف خار کے قلعہ کی دیوار دو مکانوں پر گر گئی جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کی صبح نواب آف خار کے قلعہ کی دیوار مقامی رہائشی منیر اور گل نامی شہریوں کے مکانوں پر گر گئی جس کے نتیجہ میں سات افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہو گئے۔ جاں بحق افراد میں چار بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاموں کا آغاز کیا اور زخمیوں کو علاج کے لئے ایجنسی ہیڈکوارٹرز ہسپتال خار منتقل کر دیا گیا۔ تاہم زخمیوں کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے جبکہ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے آخری اطلاعات تک کچھ افراد مکانوں کے ملبہ تلے دبے ہیں۔ دو زخمیوں کو تشویشناک حالت میں پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری طرف وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے باجوڑ ایجنسی کے واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے باجوڑ ایجنسی کے صدر مقام خار میں چھت گرنے سے 7 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن