• news

سوشل میڈیا پر اداروں کو بے توقیر کرنیوالوں کیخلاف فریم ورک بنا رہے ہیں‘ پارلیمنٹ کی حرمت بھی فوج اور عدلیہ جتنی ہے: احسن اقبال

اسلام آباد (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ بعض مذہبی گروہ ختم نبوت کے نام پر ملک میں کشیدگی پیدا کرنا چاہتے ہیں حالانکہ ختم نبوت کے معاملے پر ملک میں قانون موجود ہے‘ انسانی سمگلنگ کا مسئلہ بیروزگاری کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے‘ ہمارے معاشرے کو آج بھی افغان جنگ کے باعث بہت سے مسائل کا سامنا ہے‘ کلاشنکوف کلچر اور منشیات افغان جنگ کے نتیجے میں ہمیں ملے ہیں‘ دہشت گردوں کے 99 فیصد ٹھکانے تباہ کردیئے ہیں۔ اب ملک میں امن تیزی سے بحال ہو رہا ہے۔ اجلاس سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان تیس لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی دیکھ بھال کررہا ہے پاکستان نے افغانستان جنگ کی بھاری قیمت ادا کی ہے۔ نائن الیون واقعہ سے بھی پاکستان کو نقصان پہنچا۔ اسامہ بن لادن کو ہم سے ہمارے اس وقت کے اتحادیوں نے متعارف کرایا تھا۔ میڈیا سے گفتگو میں وزیر داخلہ نے کہا کہ ختم نبوت پر مظاہرے کرنا ملک دشمنوں کو موقع دینے کے مترادف ہے۔ پاکستان امن کی طرف جارہا ہے۔ عالمی برادری کی نظریں پاکستان پر ہیں۔ مظاہرے کرنے والے دنیا کو ملک میں عدم برداشت دکھانا چاہتے ہیں۔مظاہرے کرنا ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے۔ جتنی حرمت فوج اور عدلیہ کی ہے اتنی ہی پارلیمنٹ کی بھی ہے، سقراط اور بقراط پاکستان کی کامیابیوں کو پنکچر کرنے پر تلے ہیں۔ مایوسی پھیلانے والے ستیاناس اور بیڑہ غرق بریگیڈ سیاستدانوں کے سربراہ عمران ہیں، یہ بریگیڈ پاکستان کا منفی تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ اگر آج ہماری جگہ اناڑی حکمران ہوتے تو ہم کسی گہرے دلدل میں پھنسے ہوتے اور اگر 2013ء میں اقتدار عمران خان کے ہاتھ میں آتا تو ملک اور نیچے چلا جاتا۔ پاناما ٹرائل اور فیصلے سے ملکی معیشت کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑ رہی ہے اور عمران پاکستان میں ہر اچھی چیز کو برائی کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ اگر کوئی پر تشدد مظاہرہ کیا گیا تو حکومت کا بھی فرض ہے کہ اسکو روکے۔ ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ سوشل میڈیا کو فریم ورک میں لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں، جمہوری آزادیوں کو برقرار رکھتے ہوئے ایک فریم ورک بننا چاہئے تاکہ دشمن فائدہ نہ اٹھائے اور قومی اداروں کو بے توقیر نہ کرے اور ہم ایک فریم ورک بنا رہے ہیں تا کہ سوشل میڈیا ہر قومی اداروں کو بے توقیر کرنے والوں کے خلاف ایکشن لے سکیں۔ حساس معاملات پر ہمیں سیلف سنسرشپ کرنی چاہئے، اگر کسی کو سکیورٹی سے متعلق خط ملا بھی تھا تو اسے پبلک نہیں کرنا چاہئے تھا۔ خط کے لیک ہونے کی انکوائری کر رہے ہیں۔ ہر ایک کو سیاسی رائے کے اظہار کی آزادی ہے، لیکن کسی کو انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دے سکتے، اگر ملک کو پاناما کا ٹرائل نہ ہوتا تو ہمارا جی ڈی پی گروتھ ریٹ ساڑھے چھ فیصد سے آ گے جاسکتا تھا، کچھ مایوس سیاست دان صرف افواہوں پر زندہ ہیں اور ملک میں مایوسی پھیلا رہے ہیں۔ مایوسی پھیلانے والوں کا ایجنڈا ہے کہ مارچ 2018ء میں ہونیوالے سینیٹ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو اکثریت نہ ملے، مایوس سیاستدان چاہتے ہیں کہ سینٹ الیکشن سے پہلے پارلیمنٹ تحلیل ہو جائے۔ عمران خان قوم کو صرف بولنگ پر لیکچر دیا کریں ترقی پر نہ دیا کریں، کرپشن کے مگر مچھ سب پی ٹی آئی میں جمع ہوگئے ہیں، عمران خان کو اب 2018ء کے انتخابات پر نظر رکھنی چاہئے، اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر پیش آئے واقعہ کی تحقیقات رپورٹ جلد آجائیگی۔ پانچ سال مکمل کرکے انتخابات ہو جائیں گے۔ عمران خان ترقی کا لیکچر دینا بند کریں، بہتر ہے وہ سوئنگ کا لیکچر دیا کریں اس میں وہ ماہر ہیں۔ کچھ لوگوں کو ہمارے کام میں برائی نظر آتی ہے۔ امن و امان کی بحالی میں سکیورٹی فورسز نے اہم کردار ادا کیا۔ پرائیویٹ سرمایہ کاری اہم ہتھیار ہے۔ وزیر داخلہ نے پاکستان اوریجن بحال کرنے کا اعلان کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کی غیرملکی اہلیہ کیلئے اوریجن کارڈ بحل کر رہے ہیں۔ بلٹ پروف گاڑی دینے سے متعلق پالیسی سادہ کر دی ہے، جو سکیورٹی کیلئے مہنگی گاڑی لینا چاہتا ہے وہ 5 لاکھ ٹیکس جمع کرائے۔ ٹیکس دہندہ کو 21 دن مبں بلٹ پروف گاڑی کا لائسنس جاری ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن