بلوچستان میں آزادی صحافت کی صورتحال مخدوش جمہوری اقدار کے منافی ہے: اخبارات کی ترسیل میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں: سی پی این ای
کوئٹہ (بیورو رپورٹ)کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے صوبہ بلوچستان میں آزادی صحافت کی صورتحال کو انتہائی مخدوش اور غیر اطمینان بخش اور تشویشناک قرار دیتے ہوئے اسے جمہوری اقدار کے منافی قرار دیا ہے۔ سی پی این ای کے اعلامیہ کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سی پی این ای کے صدر ضیا شاہد کی زیر صدارت منعقد کئے گئے سٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں بلوچستان میں میڈیا کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس ضمن میں ایک قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں صوبہ بلوچستان میں آزادی صحافت کی صورتحال کو انتہائی مخدوش، غیر اطمینان بخش اور تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں موجود مختلف قوتوں اور گروہوں کی میڈیا کے خلاف عدم برداشت پر مبنی رویہ روز کا معمول بن چکا ہے اخبارات شدید دباؤ اور مشکلات کا شکار ہیں اخبارات کی ترسیل میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں۔ صحافیوں، میڈیا کارکنوں اور اخبار فروشوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ نتیجتاً بلوچستان میں صحافی، میڈیا کارکن اور اخبار فروش کثیر رخی دباؤ کی بناء پر تناؤ، بے چارگی اور گومگو میں مبتلا ہیں۔ سی پی این ای نے قرارداد میں بلوچستان کے صحافیوں اور میڈیا کارکنوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنی مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا ہے اور تمام ریاستی و حکومتی اداروں اور مختلف گروہوں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کے آئین میں دیئے گئے آزادی صحافت، آزادی اظہار اور معلومات تک رسائی جیسے بنیادی حقوق کی ضمانتوں کا احترام کیا جائے۔