کلثوم نواز کے وائٹ سیل کم، پھر ہسپتال داخل، والد آج پاکستان پہنچیں گے: حسن
لندن (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف آج پاکستان پہنچیں گے۔ ان کے صاحبزادے حسن نواز نے بتایا کہ نواز شریف لندن سے پاکستان جانے کے لئے ہی گئے تھے، واپس نہیں آئیں گے۔ والدہ کو طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال لایاگیا۔ والدہ کے خون کے ٹیسٹ ہوئے، وائٹ سیل کم ہوگئے ہیں۔ بیگم کلثوم نواز مزیددو دن ہسپتال میں رہ سکتی ہیں۔ قبل ازیں کلثوم نواز کو ایک بار پھر طبیعت ناسازی کے باعث لندن کے ہسپتال میں دوبارہ داخل کرا دیا گیا۔ سوشل میڈیا پر جاری کئے گئے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ امی کو ایک بار پھر ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے، ساتھ ہی انہوں نے والدہ کی صحت یابی کیلئے قوم سے دعائوں کی اپیل کی ہے۔بیگم کلثوم نواز کی پہلے بھی کیموتھراپی ہوچکی ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق کلثوم نواز کی طبیعت میں بہتری آنے سے قبل کیمو تھراپی کا دوسرا سیشن نہیں کیا جائیگا۔