پاکستان پر بال ٹیمپرنگ کا الزام لگانیوالے آسٹریلوی امپائر ڈیرل ہیئر چور نکلے
سڈنی (سپورٹس ڈیسک )سابق متنازع آسٹریلوی کرکٹ امپائر ڈیرل ہیئر سٹور میں چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے، مقامی عدالت میں نہ صرف اعتراف جرم کیا بلکہ معافی نامہ بھی جمع کرادیا۔سابق امپائر ڈیرل ہیئر نے سٹور کے مالک کو 9 ہزار آسٹریلوی ڈالرز واپس کئے اور عدالت میں 18 ماہ کے لئے اچھے رویے کا بانڈ بھی جمع کرایا۔ڈیرل ہیئر 1992 سے 2008 کے دوران 78 ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ آسٹریلوی امپائر ڈیرل ہیئر نے 2006 میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران پاکستان ٹیم پر بال ٹیمپرنگ کا الزام لگایا تھا ، کپتان انضمام الحق ٹیم کو لے کر باہر چلے گئے تھے۔ نامناسب الزامات پر جب قومی ٹیم گراونڈ میں واپس نہ آئی تو میزبان انگلینڈ کو فاتح قرار دیا گیا تھا۔ڈیرل ہیئر کو نسلی امتیازی سلوک کے باعث آئی سی سی ٹیسٹ پینل سے معطل بھی کردیا گیا تھا۔