• news

سری لنکن ٹیم کی سکیورٹی فوج‘ رینجرز کے حوالے کرنے کا فیصلہ

لاہور ( نمائندہ سپورٹس+ سپیشل رپورٹر) تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے آخری معرکے کیلئے 28اکتوبر کو لاہور آنیوالی سری لنکن ٹیم کی سکیورٹی فوج اور رینجرزکے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ مہمان ٹیم کو غیر ملکی جہاز کے علاوہ پاک فضائیہ کے طیارے میں لانے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے سکیورٹی فورسز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کالعدم تنظیموں کی دھمکیوں کے بعد سری لنکن ٹیم کی سکیورٹی پر سپیشل فورس کمانڈوز کو تعینات کیا جائے جبکہ اے ایس ایف کے تربیت یافتہ کمانڈوز، سول ایوی ایشن اور اعلیٰ عسکری قیادت بھی ٹیم کی آمد سے قبل الرٹ رہنے کا حکم جاری کیا گیا ہے ۔ اگر ٹیم کو غیر ملکی جہاز سے لایا گیا تو اس میں کوئی نامور شخصیت موجود نہیں ہوگی تاکہ ایئر پورٹ پرہجوم نہ ہو۔ہوٹل اور سٹیڈیم کے قریبی علاقوں میں پولیس اور رینجرز کو سرچ آپریشن کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ مہمان ٹیم کو ہیلی کاپٹر سے ہی سٹیڈیم پہنچایا جائیگا اور ایک کلو میٹر تک موبائل فون جیمرزلگانے پر بھی غور کیا جارہا ہے جبکہ ٹیم کے روٹس پر مزید لائٹس بھی لگائی جارہی ہیں۔ ڈپٹی ایئر پورٹ آپریشن اور جہازوں کے سٹیشن منیجرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ سری لنکن ٹیم کی آمد کے موقع پر ایئر پورٹ پر موجود رہیں جبکہ رن وے پر موجود کسی بھی ملازم کو موبائل فون رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی اور ایئر پورٹ پر سی این جی گاڑیوں کا داخلہ مکمل طور پر بند ہو گا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی پر مامور پولیس افسروں اور اہلکاروں کے کوائف فوج کو بھجوا دئیے گئے ہیں ،25 ایسے پولیس افسر و اہلکار ہیں جن کے جھوٹ پکڑنے والی مشین سے ٹیسٹ لئے جائیں گے اور ان کے بارے میں خفیہ تحقیقات کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ میچ کے ا ختتام پر سری لنکن ٹیم کو سٹیڈیم سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پرانے ایئر پورٹ پر بھجوانے پر غور کیا جا رہا ہے کیونکہ شہر میں خود کش بمباروں کی موجودگی کی اطلاع کے باعث قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے خبر دار کیا ہے کہ میچ کے بعد سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ضرورت پڑنے پر پی سی بی اور اعلیٰ سیاسی شخصیات کی بلٹ پروف، بم پروف اور فائر پروف گاڑیاں بھی استعمال کی جائینگی ۔ ٹیم کی آمد سے 12گھنٹے قبل کھلاڑیوں کا سامان پاکستان پہنچ جائیگا ۔ سکیورٹی کیلئے دیگر اضلاع کی پولیس کے علاوہ فوج اور رینجرز کی مدد بھی لی جائیگی ٗ 6 ڈی پی اوز ٗ30 ڈی ایس پیز، ایلیٹ فورس کی 100 ٹیمیں، بشمول 6 ریزروز اسنائپرز، 50 پی سی ریزورز اور 150 ریزورز پولیس اہلکاروں کو طلب کر لیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن