امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانا ہوگا‘ ایاز صادق
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان حکومت اور عوام ایران کے ساتھ معاشی اور اقتصادی شعبوں میں تجارت کو فروغ دینا چاہتے ہیں، امت مسلمہ کودرپیش چیلنجز سے نکالنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل کرنا ہوگا، دہشتگردی پوری دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، اس پر قابو پانے کیلئے مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی، سی پیک سے خطے کے تمام ممالک کو تجارت کے نئے مواقع میسر ہونگے،ایرانی سفیر مہدہنردوست نے کہا کہ پاکستانی قوم اور فوج کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کو کوئی فراموش نہیں کرسکتا ۔منگل کو سردار ایاز صادق سے ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اورمستحکم بنانے سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اپنے پڑوسی ملک ایران سمیت تمام اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دیں، اس موقع پر ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ باہمی سطح پرتمام شعبوں میں تعاون کرنے کا خواہاں ہے۔
ایاز صادق