پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی سکیورٹی کیمروں سے سری لنکن ٹیم کے روٹس کی نگرانی کریگی
لاہور (نامہ نگار+خبر نگار) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے سری لنکن کرکٹ ٹیم کی آمد کاسکیورٹی پلان تیارکر لیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ائیر پورٹ سے ہوٹل اور ہوٹل سے سٹیڈیم کے روٹس کی سکیورٹی کیمروں کی مدد سے مانیڑنگ کریگی۔سری لنکن ٹیم کے روٹس پر 326کیمروں کی مدد سے چوبیس گھنٹے مانیڑنگ کی جائیگی۔مانیڑنگ کیلیے 63پولیس کمیونیکشن آفیسرزپرمشتمل تین ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔روٹس اور سٹیڈیم کے اطراف میں دو موبائل کمانڈ سنٹراور ڈرون کیمرہ بھی استعمال کیا جائیگا۔ آئی جی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں انہوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ میچ کے پرامن انعقاد کے لئے طے شدہ پلان کے مطابق سکیورٹی اقدامات کئے جائیں۔ سٹیڈیم اور ہوٹل کے گرد و نواح کے علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز میں تیزی لاتے ہوئے ہر قسم کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور سکیورٹی انتظامات کی سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ایس ایس پی آپریشنزلاہور منتظر مہدی نے کہا ہے کہ میچ کے موقع پر فول پروف حفاظتی انتظامات کئے جائیں گے۔ قذافی سٹیڈیم کے تمام اِنٹری گیٹس اور بیرونی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائیگی۔ شائقین کی سہولت کیلئے شٹل بس سروس چلائی جائیگی۔کمشنر عبداللہ خان سنبل نے قذافی سٹیڈیم میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کیا۔ انہو ںنے کہا انٹرنیشنل میچز کے معیار کے مطابق انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور اس میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائیگی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید نے قذافی سٹیڈیم کا دورہ کیا اور ٹی ٹونٹی میچ کی تیاریوں کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی اہم شاہراہوں کے اردگرد صفائی ستھرائی کا عمل جاری ہے اورلبرٹی پارکنگ میں خوب صورت منظر فراہم کرنے کے لئے پودے لگا دئیے گئے ہیں۔ شائقین کیلئے عارضی بیت الخلا بھی بنا دئیے گئے ہیں۔ میچ سے قبل تمام انتظامات مکمل کر لیں گے۔ ضلعی انتظامیہ نے سٹیڈیم کے اندر کھانے پینے کی اشیاء پر اوور چارجنگ روکنے کیلئے 16پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ڈیوٹیاں دیں گے۔ کھانے پینے کی اشیاء پر اوور چارجنگ پر سخت کاروائی ہو گی۔