پہلاٹی ٹونٹی :ٹرافی کی تقریب رونمائی پاکستان سری لنکا آج مد مقابل
لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان اور سری لنکاٹی ٹونٹی سیریز میں آج سے مد مقابل ہو نگے ۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات9بجے شروع ہو گا جبکہ اس کے اگلے ہی دن دوسرا مقابلہ ہو گا۔ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کے لیے دونوں ٹیمیں لاہور پہنچیں گی۔ پاک لنکا ٹیمیں پندرہ ٹی ٹونٹی میچز کھیل چکی ہیں، جن میں گرین شرٹس کا پلہ بھاری رہا۔ یو اے ای کے میدانوں میں تین میچ ہوئے۔ قومی شاہینوں نے دو بار اونچی اڑان بھری جبکہ ایک بار جیت آئی لینڈرز کو ملی۔ فاسٹ بائولر محمد عامر نے بھی گزشتہ روز ٹیم کو جوائن کر لیا ہے ۔ ان سے قبل محمد نواز ‘عامر یامین ‘عمر امین بھی ٹیم میں شامل ہوچکے ہیں ۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کی گئی۔ دونوں ٹیموں نے گزشتہ روز پریکٹس کی ، ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر دونوں کپتان موجود تھے ،کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ان کی ٹیم کے کھلاڑی پرفارم کررہے ہیں ،جسے بھی موقع دیا اس نے مایوس نہیں کیا۔ تھسارا پریرا نے کہا کہ وہ ایک روزہ سیریز میں شکست سے مایوس نہیں ،مختصر دورانئے کئے نئے فارمیٹ میں ان کی ٹیم جم کر مقابلہ کرے گی۔ ٹیم کو پاکستان جاکر کھیلنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں۔سرفراز احمد نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے ،ٹیم مینجمنٹ نے جس کھلاڑی کو چانس دیا اس نے اپنی پرفارمنس سے اپنے انتخاب کو درست قرار دیا،اب تو ہمیں ٹیم منتخب کرتے ہوئے مشکل ہوتی ہے کہ کس کو کھیلنے کا موقع دیں اور کسے باہر بٹھائیں۔ پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں احمد شہزاد اننگز کاآغاز کریں گے ،ان پر پوری ٹیم مینجمنٹ کو اعتماد ہے۔جیت کی صورت میں ٹیم کااعتماد بڑھ جاتا ہے ،جیت کر آگے بڑھتے رہے تو ٹیم کا مورال ہائی ہی رہے گا۔سری لنکاکو ایک روزہ میچز میں شکست دے چکے اب یہ ماضی کا حصہ بن چکا ،آج میچ میں نئی پلاننگ کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔