میاں حمزہ شہباز کے نام کھلا خط اور کچھ تجاویز
مکرمی! یو سی کے وائس چیئر مینوں کا اختیارات کے حصول کے لئے احتجاج اور دھرنے پر آپ نے ایکشن لیتے ہوئے وائس چیئر مینوں کا اجلاس طلب کیا اور ایک کمیٹی بھی تشکیل دی۔ جو کہ ایک بہت اچھا اقدام تھا۔ لیکن ابھی وائس چیئر مینوں کے اختیارات کا مسئلہ حل نہیں ہوا ہے کہ ساتھ ہی یو سی چیئر مین حضرات بھی میدان میں آ گئے ہیں اور اس بات کا بھی قوی امکان ہے کہ آنے والے کچھ دنوں تک جنرل کونسلرز بھی اپنے اختیارات کا رونا روتے ہوئے سڑکوں پر ہونگے۔ اس سلسلے میں آپ کیلئے کچھ تجاویز پیش خدمت ہیں۔ (1) پنجاب حکومت نے جو بھی بجٹ یو سی چیئر مین اور سیکرٹری یونین کونسل کیلئے مختص کیا ہے اس بجٹ کو چیئر مین اور وائس چیئر مین میں برابر تقسیم کر دیا جائے تا کہ وہ اپنے حصہ میں آنے والے بجٹ میں رہتے ہوئے علاقہ کے ترقیاتی کام کروا سکیں۔ (2) ڈپٹی میئرز کے ذریعے جو بھی ترقیاتی کام منظور ہو ان کاموں کیلئے جاری فنڈز بھی چیئر مین اور وائس چیئر مین بھی برابر تقسیم کئے جائیں۔ (3) ہر یونین کونسل 6 وارڈز پر مشتمل ہے اور ہر وارڈ میں ایک جنرل کونسلر ہے۔ یو سی چیئر مین اپنے حصہ میں آنے والے فنڈز کو تین وارڈز کے جنرل کونسلرز میں تقسیم کرے اور باقی تین وارڈز کے جنرل کونسلرز کے وائس چیئر مین اپنے حصہ میں آنے والے فنڈز تقسیم کرے۔ جس سے جنرل کونسلر حضرات بھی اپنے اپنے وارڈز میں ترقیاتی کام جاری رکھ سکیں گے۔(محمد رضوان بٹ (صدر یو سی 12 مسلم لیگ ن) قاضی پارک شاہدرہ ٹائون لاہور )