• news

بجلی کی پیداوار میں اضافے سے شارٹ فال کم، لوڈشیڈنگ کا دورانیہ ایک گھنٹہ گھٹ گیا

لاہور/ سرائے عالمگیر / چھانگا مانگا(کامرس رپورٹر + نامہ نگاران) ملک میں بجلی کی پیداوار میں اضافہ سے شارٹ فال میں کمی ہو گئی جس کے باعث لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں ایک گھنٹے کی کمی کر دی گئی۔گدو تھرمل پاور سٹیشن سے بجلی کی پیداوار میں500 میگاواٹ اضافہ ہوا ہے۔گدو تھرمل پاور سٹیشن کو گیس کی فراہمی کے بعد بجلی کی پیداوار میں500 میگاواٹ اضافہ ہوا ہے۔ پاور ہائوس میں نئے گیس کمپریسر کی تنصیب سے بجلی کی پیداوار میں مزید ایک سو تا150 میگاواٹ تک اضافہ کی توقع ہے۔ پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ اور ماڑی پٹرولیم کی طرف سے گیس کی فراہمی 360 ایم ایم سی ایف ڈی تک بڑھنے سے بجلی کی پیداوار بھی 4 سی5 سو میگاواٹ کے اضافہ سی1400 میگاواٹ تک پہنچ گئی۔ پاور ہائوس کی پیداواری استعداد2400 میگاواٹ ہے۔ گزشتہ روز بھی ہائیڈل کی پیداوار ایک ہزار سے کم کی سطح پر رہی۔ منگلا ڈیم سے گزشتہ روز بھی پانی کا اخراج بند رکھا گیا جس سے منگلا پاور پلانٹ مکمل بند رہا۔ تربیلا سے صرف 35 ہزار کیوسک پانی کا اخراج کیا گیا۔ گزشتہ روز شہروں میں اٹھ سے نو گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں بارہ سے تیرہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی گئی۔ علاوہ ازیں سرائے عالمگیر و گرد و نواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے نظام زندگی متاثر ہوکر رہ گئی۔ بجلی کی دن رات کے اوقات میں روزانہ اضافہ سے ہر طبقہ فکر کو پریشانیاں لاحق ہوگئیں۔ علاوہ ازیں کاروباری و گھریلو زندگی بھی متاثر ہونے لگی۔ چھانگامانگا اور ملحقہ دیہات میں نیوفیڈر پر 12 گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ نے لوگوں کی چیخیں نکال دیں اور کاروبار زندگی بری طرح معطل ہو کر رہ گیا۔ مسلسل 2 سے 4 گھنٹے بجلی بند رہنا معمول بن چکا ہے۔ عوام نے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن