خواجہ آصف اعتزاز احسن میں مکالمہ نواز شریف کے ناقد کو اپنا استاد تسلیم کرلیا
بدھ کو سینیٹ کا اجلاس مجموعی طور پر ساڑھے چار بجے تک جاری رہا جس میں چیئرمین نے پورا ایجنڈا نمٹایا ۔ سینیٹ کا اجلاس مقررہ وقت پر شروع ہوا تاہم ایوان میں ارکان کی حاضری مایوس کن تھی سینیٹ کا اجلاس شروع ہوا تو ایوان میں 13ارکان موجود تھے جب اجلاس اختتام پذیر ہوا تو یہ تعداد 12رہ گئے ایوان میں ارکان کی عدم دلچسپی کی وجہ سے کوئی ہنگامہ ہوا اور نہ ہی شور شرابہ ۔ سخت جان چیئرمین میاں رضا ربانی نے پورے اجلاس کی صدارت کی اور اسی روز کا ایجنڈا نمٹانے کی روایت برقرار رکھی قائد ایوان راجہ محمد ظفر الحق سوا دو گھنٹے جب کہ قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن ایک گھنٹہ تک ایوان میں موجود رہے بدھ کو وزیر دخارجہ خواجہ آصف کا دن تھا ا نہوں نے پون گھنٹے تک پاک امریکہ تعلقات پر پالیسی بیان دیا ۔ ان کی تقریر کو چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی اور قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے سراہا۔ اعتزاز احسن اور خواجہ آصف کے درمیان مکالموں سے ’’انجمن ستائش باہمی ‘‘ کا تاثر مل رہا تھا خواجہ آصف نے میاں نواز شریف کے ناقد اعتزاز احسن کو اپنا ’’استاد‘‘ تسلیم کیا ۔ سینٹ میں وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے امریکہ کے وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان پر پالیسی بیان دیتے ہوئے وفاقی وزیر وزیر داخلہ احسن اقبال کو زبردست خراج تحسین پیش کیا انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں اعلٰی سیاسی و عسکری قیادت کے امریکی وزیر خارجہ سے مذاکرات کے دوران پوری شدت سے مسئلہ کشمیربھی اٹھایااحسن اقبال نے امریکہ کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کیطرف مبذول کرواتے ہوئے دیگر جگہوں اور ختلف خطوں بشمول میانمار میں مسلمانوں کی نسل کشی کا معاملہ بھی اٹھایا اور پاکستان کے عوام کی تشویش سے امریکہ کو آگاہ کر دیا احسن اقبال نے امریکی وزیر خارجہ پر واضح کیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے دیرینہ تنازعات بالخصوص مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہو گا بھارتی افواج کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کا نوٹس لیا جائے سینیٹ میں وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے چوہدری اعتزاز احسن کو اپنا استاد تسلیم کر لیا اور کہا کہ اگر اپوزیشن لیڈر میری تعریف کریں گے تو درحقیقت وہ اپنی تعریف کریں گے پاک امریکہ تعلقات پر دو ٹوک الفاظ وزیر خارجہ کے بیان کی اپوزیشن لیڈر چوہدری اعتزاز احسن کی طرف سے تعریف کی گئی اور کہا کہ وزیر خارجہ جس طرح چیئرمین سینیٹ کے بُلانے پر ایوان میں آئے ہیں یہ قابل تعریف ہے وزیر خارجہ کا بیان قابل تعریف ہے انہوںنے بعض سوالات بھی اٹھائے اور وزیر خارجہ سے استفسار کیا کہ کیا امریکہ نے دہشتگردی کے معاملے پر کسی پاکستانی شخصیت ، ٹھکانے، مقام کا بھی ذکر کیا ہے وزیر خارجہ نے اس معاملے کی دو ٹوک الفاظ میں تردید کی اپوزیشن لیڈر کی تعریف پر خواجہ محمد آصف نے کہا کہ چوہدری اعتزاز احسن میرے استاد ہیں استاد نے میری تعریف کر کے درحقیقت اپنی تعریف کی ہے۔ سینیٹ میں آئندہ پیر اور منگل کو امریکی وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ پاکستان پر بحث ہو گی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف یہ بحث سمیٹیں گے چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ یہ کوئی ایسا معاملہ نہیں ہے اس پر صرف آدھے گھنٹے یا ایک گھنٹے کی بحث کی جائے پیر اور منگل کو تفصیلی بحث ہو گی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے پاک امریکہ تعلقات پر اپنے پالیسی بیان پر کھل کر بات کی اور کہا ہے کہ ماضی کے برعکس امریکہ کے سامنے ڈھیر ہوئے اور نہ ہی قومی مفادات کاسمجھوتہ کیا گیا ہے امریکہ نے پروفیسر حافظ سعید سمیت کسی پاکستانی کو سپرد کرنے کا مطالبہ نہیں کیا گیا 75افراد پر مشتمل فہرست میں تمام طالبان شامل ہیں امریکہ کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بدترین پامالی اور دیگر جگہوں پر مسلمانوں کی نسل کشی کا معاملہ اٹھایا ہے امریکہ کو بتا دیا ہے کہ افغان مسئلہ کا کوئی فوجی حل نہیں، مذاکرات سے مسئلہ حل کرنا ہوگا، 21 اگست کو امریکی صدر ٹرمپ کی تقریر کے بعد پاکستان کی قوم پارلیمنٹ اور سلامتی کونسل نے واضح موقف اختیار کیا، ہمارا اقتدار امریکہ کے مرہون منت نہیں انہوں نے کہا کہ افغانستان میں 45 فیصد علاقے افغان حکومت کے قبضے میں نہیں ہیں، تین چار سال پہلے ہر دوسرے تیسرے دن پاکستان میں دھماکہ ہوتا تھا، آج رات کو دو دو بجے تک مارکیٹس کھلی رہتی ہیں،سینیٹ میں بجلی صارفین پر اضافی بوجھ پڑنے کے حوالے سے تحریک التواء پر غور کا معاملہ موخر کر دیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ وزیراعظم پی ایس او اور قطر گیس کے درمیان طے پانے والے ایل این جی معاہدے کی قیمتوں پر مذاکرات کے لئے نظرثانی کے نوٹس کے حوالے سے (آج) جمعرات کو ایوان بالا میں حکومتی موقف پیش کریں گے۔ ایوان بالا کا اجلاس (آج) جمعرات کو سہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
ڈائری