• news

عمران فیس بک کے وزیراعظم، ملکی سیاست کی بساط لپیٹنا چاہتے ہیں: عابدشیر

لاہور/گوجرانوالہ( کامرس رپورٹر +صباح نیوز) وزیر مملکت برائے بجلی عابد شیر علی نے عمران خان کو فیس بک کا وزیراعظم قرار دیتے ہوئے کہا عمران خان اینڈ پارٹی چاہتی ہے کہ سول ملٹری تعلقات خراب ہوں لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو ترقی کے راستے پر لیجا رہی ہے، مسلم لیگ ن کا 2018 کے الیکشن میں مقابلہ کرنا کسی سیاسی جماعت کے بس میں نہیں۔ گجرات کے علاقہ شادیوال میں ایک ارب 96 کروڑکی لاگت اور جاپان کی کمپنی گائیکا کے مالی تعاون سے بننے والے 220 کے وی گرڈ سٹیشن کے افتتاح کے بعد گیپکو اور این ٹی ڈی سی کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ ملک ’’چوں چوں کا مربہ نہیں‘‘ کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے، مسلم لیگ ن کا ٹھیکہ ملکی ترقی جبکہ دیگر جماعتوں کا ٹھیکہ کرپشن ہے۔ انہوں نے کہا ق لیگ کی حکومت کو 7 اور پیپلز پارٹی کی حکومت کو 5 سال ملے لیکن ترقی کی بجائے اداروں میں میگا کرپشن ہوئی تاہم مسلم لیگ ن کی حکومت نے ساڑھے چار سال میں ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن کر دیا۔ عابد شیر علی نے کہا لوڈشیڈنگ کا جن بوتل میں بند کر دیا، حکومت سنبھالنے کے بعد ساڑھے سات ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے مکمل ہوئے، مارچ 2018ء تک مزید بجلی سسٹم میں شامل ہو جائی گی، اسی وجہ سے 2018 ء میں عوام مسلم لیگ ن کو دوبارہ کامیاب کروائیں گے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان کو کرپشن کی باتیں زیب نہیں دیتیں انکے اپنے صوبے میں ڈی جی نیب کی رپورٹ کے مطابق ریکارڈ کرپشن ہوئی، خیبرپی کے میں کرپشن کی وجہ سے 6 وزرا کو نکالا گیا لیکن کارروائی کسی ایک کے خلاف نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا پاک افواج کے خلاف باتیں کرنے والے ملک دشمن ہیں۔ این ٹی ڈی سی منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے کہا کہ 220 کے وی گجرات گرڈ سٹیشن پر 250 ایم وی اے کے 3 ٹرانسفارمرز نصب کئے گئے ہیں جن کی استعداد سے این ٹی ڈی سی کے 220kV کے 2 گرڈ سٹیشنز منگلا اور گکھڑ، گیپکو کے 132kV کے 6 گرڈ سٹیشنز اولڈ گجرات، منگوال، وزیرآباد، سمبڑیال، کھاریاں اور لالہ موسیٰ کے ترسیلی نظام میں بہتری آئے گی۔ این ٹی ڈی سی نے پچھلے ایک سال میں 6164 میگاواٹ استعداد کے مختلف بجلی کے منصوبوں سے بجلی کی ترسیل کیلئے ٹرانسمیشن لائنز کا جال بچھایا ہے۔ ان منصوبوں میں 1200 میگاواٹ RLNG بھیکھی پاور پلانٹ، 1200 میگاواٹ RLNG بلوکی پاور پلانٹ، 1200 میگاواٹ حویلی بہادر شاہ، 1320 میگاواٹ ساہیوال کول فائرڈ پاور پلانٹ، 147 میگاواٹ پترنڈ ہائیڈرو پاور پلانٹ، 680 میگاواٹ کے چشمہ نیوکلیئر C3 اور C4 کے علاوہ اس کی ٹرانسمیشن لائن اور اس سے منسلک سب سٹیشن بھی شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن