تکذیب نکاح‘ فیملی جج کی اداکارہ میرا کیس کی سماعت سے معذرت‘ فائل سیشن جج کو بھجوا دی
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) فیملی کورٹ کی جج بشریٰ خالد نے میرا کے تکذیب نکاح کیس کی سماعت سے معذرت کر لی اور فائل سیشن جج لاہور کو واپس بھجوا دی، سیشن جج لاہور نے اداکارہ میرا کے وکیل کو یکم نومبر کر طلب کر لیا ہے، گذشتہ روز اداکارہ میرا اپنے وکیل کے ہمراہ آخری بار جج بشری ٰخالد کے پاس کیس کی سماعت کے لئے پیش ہوئیں، میرا کی جانب سے عدالت میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اس کی عتیق الرحمان کے ساتھ شادی نہیں ہوئی، نکاح کا دعویٰ جھوٹا ہے۔ وکیل کا کہنا ہے کہ اداکارہ میرا تقریباً نو سال سے انصاف کیلئے عدالتوں کے چکر لگا رہی ہیں مگر ایک بار پھر کیس لٹک گیا، اداکارہ میرا تمام سکیورٹی خدشات کے باوجود عدالت میں پیش ہورہی تھیں۔