• news

حکومت اور فوج میں لڑائی کی کوششیں ناکام بنا دیں گے: احسن اقبال

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ بعض مایوس سیاستدان‘ میڈیا کے بعض گروپ اور چند ریٹائرڈ فوجی آفیسر مسلم لیگ ن کی حکومت اور فوج کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کی کوشش ہے کہ فوج اور مسلم لیگ کے درمیان تصادم کرا کے مسلم لیگ ن کو ختم کیا جائے۔ گزشتہ روز سینئر اخبار نویسوں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت اور فوج میں عدم اعتماد کا تاثر پیدا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ حقیقت میں ایسا نہیں ہے‘ ملک میں ایک منظم مہم چلائی جا رہی ہے کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی قوت مسلم لیگ ن اور فوج کے درمیان لڑائی کرائی جائے لیکن حکومت کوشش کر رہی ہے کہ تمام اداروں کے درمیان ہم آہنگی ہو‘ ہم فوج اور حکومت کے درمیان لڑائی کرانے کی کوششوں کو ناکام بنا دیں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت اور فوج میں غلط فہمیاں پیدا کرنے میں بعض ملک دشمن عناصر بھی شامل ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں 66 برس میں پہلی مرتبہ جمہوری نظام آہستہ آہستہ پختگی کی طرف جا رہا تھا‘ ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ اب 2018 کے انتخابات ہوں اور ان انتخابات میں منتخب ہونے والی حکومت اقتدار سنبھالے۔ اگر جمہوریت کی گاڑی کو بار بار پنکچر کیا گیا تو گڑ بڑ ہو جائیگی۔ 2013ء میں بجلی کی لوڈشیڈنگ معمول تھا لیکن اب لوڈشیڈنگ بہت کم ہو گئی۔ گزشتہ دس برس میں پہلی مرتبہ پاکستان میں معیشت کی شرح نمو 5.2 فیصد تک پہنچ گئی ہے‘ مسلم لیگ ن کی حکومت نے معاشی ترقی کے لئے امن و امان کی صورتحال بہتر کی‘ آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کے ذریعے امن قائم ہوا‘ کراچی میں امن بحال کیا گیا‘ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات ختم ہو گئے‘ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی بیانیہ پاکستان کی تعریف کر رہا ہے‘ پاکستان کی معاشی ترقی کی تعریف کی جا رہی ہے لیکن پاکستان میں داخلی بیانیہ بہت نقصان دہ ہے‘ ٹی وی چینلوں پر رات آٹھ بجے سے گیارہ بجے تک جو پروگرام ہوتے ہیں ان میں یہ پیغام دیا جاتا ہے کہ پاکستان تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے‘ اس بیانیہ کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ میڈیا کو پاکستان کے وسیع تر مفاد کے لئے ایک ضابطہ اخلاق طے کرنا چاہئے‘ صحافتی تنظیمیں خود مل کر اس سلسلے میں کوئی اقدام کریں۔ احسن اقبال نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا‘ پرویز مشرف کے بعض کور کمانڈروں نے کہا ہے کہ انہوں نے مانگے بغیر امریکہ کو پاکستان میں اڈے دئیے‘ موصوف کے دور میں پاکستان میں 90 ارب ڈالر آئے یہ ڈالر گاڑیوں‘ زمینوں اور پرتعیش سامان خریدنے اور اللوں تللوں پر خرچ کئے گئے‘ جنرل مشرف نے بلوچستان کو عملاً پاکستان سے الگ کر دیا تھا جسے اب ہم نے سیاسی اور اقتصادی اقدامات کے ذریعہ دوبارہ پاکستان کے ساتھ جوڑا ہے‘ جنرل مشرف کو کسی نہ کسی وقت انصاف کے کٹہرے میں آنا ہو گا۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان سے متعلق ایک اجلاس ہوا‘ اس موقع پر احسن اقبال نے کہا ہے کہ قومی لائحہ عمل پرعملدرآمد کے بہتر نتائج حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ادارے آپس میں رابطوں کو فروغ دیں۔ قومی لائحہ عمل پرعملدرآمد کے بہتر نتائج کے حصول کیلئے مختلف اداروں کے درمیان رابطوں میں اضافہ کیاجائیگا۔اس موقع پر احسن اقبال نے جرائم اور دہشت گردی کے بارے میں قومی ڈیٹابیس کی تیاری کی ہدایت کی ساتھ ہی انہوں نے کہاکہ صوبوں کو مدارس اورمساجد کی رجسٹریشن کاعمل طے شدہ طریقہ کار کے مطابق یقینی بناناچاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن