بیرون ملک علاج نہ ہوا تو مفلوج ہو جاؤںگا ڈاکٹر عاصم‘ای سی ایل سے نام نکلوانے کیلئے سپریم کورٹ میں دوبارہ درخواست دائر کردی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)بدعنوانی کے مقدمات کاسامنا کرنے والے پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم نے نام ای سی ایل سے نکلوانے کیلئے دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کرلیاگیا ہے ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر عاصم نے علاج کیلئے بیرون ملک جانا ہے، بر وقت علاج نہ ہونے سے مفلوج ہونے کا خدشہ ہے، عدالت نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے۔ڈاکٹر عاصم حسین کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ پہلے بھی عدالت کے حکم پر چیک اپ کیلئے نام ای سی ایل سے نکالا گیا، عدالتی حکم کے مطابق ایک ماہ کے اندر وطن واپس آ گیا تھا، 9نومبر کو دوبارہ چیک اپ کیلئے ولنگٹن جانا ہے۔درخواست میں مزید کہا گیا نام دوبارہ ای سی ایل میں شامل ہونے کا سن کر دھچکا لگا، نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے وزارت داخلہ کو دو بار درخواست دی لیکن جواب نہیں ملا، نوازشریف اور اسحاق ڈار کے خلاف زیادہ سنگین نوعیت کے مقدمات چل رہے ہیں، لیکن ان کے نام ای سی ایل میں شامل نہیں کیے گئے، پیپلزپارٹی کا عہدیدار ہونے کی سزا دی جا رہی ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ بر وقت علاج نہ ہونے سے مفلوج ہونے کا خدشہ ہے، عدالت نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے۔