• news
  • image

عالمی برادری بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لے :شاہد خاقان

اسلام آباد/ سرینگر/ لندن (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت کی۔ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے قانونی حق کے حصول تک حمایت جاری رکھیں گے۔ کشمیر کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اٹھایا ہے۔ بھارتی افواج معصوم کشمیریوں کے خلاف پیلٹ گن استعمال کرتی ہیں۔ اجلاس کے شرکاء نے شہدا کشمیریوں کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف نے آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے خطیر وسائل اور فنڈز مختص کیے۔ پیلٹ گنوں سے معصوم کشمیریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہیں۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جارحیت، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے۔ تحریک آزادی کشمیر لازوال جدوجہد ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر موثر انداز میں اٹھانے پر وزیراعظم کی تعریف کی گئی۔ انہوں نے کہا 27 اکتوبر 1947ء کا دن انسانی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے 70 سال پورے ہونے پر کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں کشمیری آج یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔ وادی میں ہڑتال کی جائے گی اور مختلف ممالک کے دارالحکومتوں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ دکانوں، گھروں کی چھتوںاور گاڑیوں سمیت ہر جگہ سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے۔ دوسری جانب شوپیاں اور ترال میں شہریوں کی مار پیٹ سمیت سول ہلاکتوں اور گیسو تراشی کیخلاف عوام سراپا احتجاج ہیں۔ سمبل اور سوپورمیں بھی احتجاجی مظاہرے اور دھرنے ہوئے۔ بٹہ مالو علاقے میں مبینہ بال تراشی کا واقعہ پیش آیا جس کے دوران ایک لڑکی کی چوٹی کاٹی گئی۔ جھڑپوں میں 15سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ادھر جموںوکشمیر سیلف ڈیٹرمنٹ موومنٹ انٹرنیشنل نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے تعاون سے برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں دونوں ایوانوں اور تمام پارٹیوں کے 20سے زائد ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ صدارت بیرسٹر عمران حسین نے کی۔ راجہ نجابت حسین نے برطانوی حکومت سے کہا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور دیگر بین الاقوامی فورموں پر مسئلہ کشمیر کو اٹھائے۔ کشمیرکے بارے میںکل جماعتی پارلیمانی گروپ کے چیئرمین اور رکن پارلیمنٹ کرس لیسلی نے کانفرنس میں اعلان کیا گروپ 14 دسمبر سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی پارلیمانی انکوائری شروع کرے گاجو رپورٹ پارلیمنٹ ، برطانوی حکومت اور اقوام متحدہ کو پیش کی جائیگی۔ آئی این پی کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ کہ کشمیر پر بھارتی افواج کا غاصبانہ تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے۔ مسئلہ کشمیر ایک فلیش پوائنٹ ہے اور نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے ایک مستقل خطرہ ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ خطے کا امن اور خوشحالی جموں و کشمیر کے دیرینہ مسئلہ کیساتھ منسلک ہے، جموں و کشمیر کے مسئلہ کا پرامن اور جمہوری حل فراہم کرتی ہیں، بھارت سلامتی کونسل کی منظور کردہ قراردادوں پر عملدرآمد کرے، پاکستان کشمیری عوام کی آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے تک اخلاقی، سیاسی، سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں تشدد کی تمام حدیں پار کر لی ہیں اور اب وہ کشمیری خواتین کی چوٹی کاٹنے جیسے بزدلانہ حربے استعمال کر رہا ہے۔ میڈیا سے گفتگوکے دوران انہوں نے کہا کہ بھارت نے تحریک آزادی کو کچلنے کے لئے کشمیر میں کئی کالے قوانین نافذ کیے تاہم اس کا یہ دیرینہ خواب پورا نہیں ہوا۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ، تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ علاوہ ازیں بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین کے بیٹے شاہد یوسف کے گھر پر مقبوضہ کشمیر میں ضلع بڈگام کے علاقے سوئیہ بگ میں چھاپہ مارا ہے۔ اہلخانہ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا وہ جاتے وقت گھر سے چند فون اور ایک لیپ ٹاپ ساتھ لے گئے۔صباح نیوز کے مطابق صدرآزادکشمیر سردار مسعود، وزیراعظم فاروق حیدر اور وزیر اطلاات مشتاق منہاس نے کہا27 اکتوبر 1947 کادن ہماری تاریخ سیاہ ترین دن ہے۔ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے عزم میں تنکے برابر بھی کمی نہیں لا سکا۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن