• news

قصور میں غیرت کے نام پر بیٹی قتل، مریدکے میں تعلقات کا شبہ نوجوان کو گھر بلا کر مار ڈالا

قصور+ مریدکے+ شیخوپورہ ( نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی) قصور کے نواحی گائوں چوہڑ پورہ میں غیرت کے نام پر باپ نے فائرنگ کر کے بیٹی کو قتل کر دیا، چند روز قبل اکرم کی جواں سالہ بیٹی رمشا اپنے آشنا جاوید کے ساتھ فرار ہو گئی تھی۔ اغوا کا مقدمہ درج کرایا گیا۔ دو ملزمان حوالات میں بند ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق رمشا کے باپ نے بازیابی کے بعد فائرنگ کر کے غیرت کے نام پر اسے قتل کر دیا۔ رمشا کے باپ اکرم اور چچا اشرف کو گرفتار کر لیا گیا۔ محلہ رحمن پورہ کے رہائشی 3 سگے بھائیوں نے گورنمنٹ ہائی سکول قلعہ مسیتا کے سکیورٹی گارڈ ریٹائرڈ فوجی مظہر حسین کے جواں سالہ بیٹے مہران کو گھر بلا کر لڑکی سے تعلقات کے شبہ میں چھریوں کے وار کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس نے مبینہ ملزم عثمان کو اس کی والدہ سمیت حراست میں لے لیا۔ تین سگے بھائیوں علی، محسن اور عثمان سمیت مشرف، اعجاز وغیرہ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔ مقتول کی آج دبئی کے لئے جہاز کی نشست بک تھی اور وہ محنت مزدوری کے لئے دبئی جا رہا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن