• news

.مجید دستی کو نیا آئی جی سندھ مقرر کرنے کی تیاری مکمل

کراچی (سالک مجید) حکومت سندھ نے آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ کو عہدے سے ہٹا کر مجید دستی کو نیا آئی جی سندھ پولیس لگانے کی قانونی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ اے ڈی خواجہ کو گریڈ22- کے عہدے کیلئے ناموزوں قرار دیتے ہوئے او پی ایس قانون کی زد میں آنے کی وجہ سے فارغ کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔ اے ڈی خواجہ گریڈ21- کے افسر ہیں اور گریڈ22- کی آسامی پر کام کر رہے ہیں۔ یہ صورتحال سپریم کورٹ کے انیتا تراب کیس کے فیصلے کے خلاف ورزی ہے لہذٰا صوبائی حکومت نے اے ڈی خواجہ کی جگہ گریڈ22- کے افسر مجید دستی کو آئی جی سندھ بنانے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ اس سلسلے میں قانونی تقاضے پورے کرنے کے لئے صوبائی کابینہ کے اگلے اجلاس میں منظوری لی جائے گی۔ آئی جی سندھ کو عہدے سے ہٹانے کا معاملہ صوبائی کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں آئٹم نمبر3 کے طور پر شامل کر لیا گیا ہے۔ کابینہ کا اجلاس ہفتے کے روز ہوگا اور28 اکتوبر کو کابینہ کی منظوری کے بعد یہ معاملہ صوبائی حکومت کی جانب سے وفاقی حکومت کو بھیج دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اے ڈی خواجہ کی خدمات وفاقی حکومت کے حوالے کردی جائیں گی۔ دوسری جانب اے ڈی خواجہ نے بھی اپنے دوستوں اور وکلاء سے قانونی صلاح مشورے شروع کر دیئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن