سینٹ: شیخ آفتاب کو وارننگ‘ اعتزاز احسن کو مائیک نہ دیا
اسلام آباد(قاضی بلال )ایوان بالا میں چیئرمین سینٹ کا رویہ اپوزیشن اور وزیراعظم کے ساتھ برابر رہا۔ اپنی ہی جماعت کے قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن کو بات کرنے سے روک دیا اورمائیک نہ دیا جس پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا اور چیئرمین کے رویہ کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے پارلیمنٹ کے باہر پریس کانفرنس کر ڈالی ۔ اس کے ساتھ ہی ایک موقع پر چیئرمین سینیٹ نے پاکستان ٹیلیویژن کو ایوان بالا کے اجلاس کی کارروائی کے دوران وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی خصوصی کوریج سے روک دیا۔اورعملہ کو انتہائی سخت انداز میں ہدایت دیتے ہوئے وزیر اعظم کے سامنے سے پی ٹی وی کا مائیک اٹھوا دیا۔ چیئرمین سینٹ نے وزیر کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے ایوان میں نہ آنے پر بھی ان کی وزارت کے تمام سوالات کو موخر کردیا انچارج وزیر کو جواب نہ دینے دیئے ۔وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب کو بھی وارننگ دیدی اور کہا کہ حکومت کو توہین پارلیمنٹ کا نوٹس لینے کی قانون سازی کرنی چاہئے۔ رضا ربانی نے رولنگ دیتے ہوئے کہاکہ خصوصی کمیٹی نے قائمہ کمیٹیوں کے اختیارات کے حوالے سے بات کی ہے اور سفارش کی ہے کہ عملدرآمد نہ ہونے کو توہین قرار دیا جائے اور اس حوالے سے وزیر ہو افسران ہوں یا جو بھی ہو نوٹس لیا جائے قائمہ کمیٹیاں پارلیمانی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں ۔انہوں نے وزیر برائے پارلیمانی امور کو ہدایت کی وہ دو ماہ میں قانون سازی کے لیے بل لیکر آئیں اور ایسا نہ کر سکے تو سینٹ اس حوالے سے خود کارروائی شروع کر دے گا اور خود ہی قانون سازی کرے گا۔