• news

لاہور، فیروزوالہ: ڈاکوئوں نے لاکھوں لوٹ لئے، سکیورٹی گارڈ زخمی، تاجروں کا احتجاج

لاہور+ فیروزوالا (نامہ نگاران) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ ایک سکیورٹی گارڈ کو پسٹل کے بٹ مار کر زخمی کر دیا ہے۔ پانچ ڈاکوؤں نے تھانہ سبزہ زارکے بالکل سامنے واقع فضل الٰہی کی ٹریول ایجنسی کے سکیورٹی گارڈ اشفاق کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر اس کی بندوق چھین لی اور پھر اسے پسٹل کے بٹ مار کر زخمی کر دیا اور بند دکان کا شٹر کاٹ کر تجوری اٹھا کر فرار ہوگئے۔ تجوری میں 22لاکھ روپے رقم موجود تھی۔ واقعہ پر تاجروں نے شدید احتجاج کیا اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ڈاکوؤں نے لا ری اڈہ میں بابر کی فیملی کو یرغمال بنا کر7 لا کھ مالیت، ہربنس پورہ میں اشتیا ق کے گھر سے5 لاکھ 45 ہزار مالیت، ہڈیارہ میں فیصل کے گھر سے 3لاکھ 95ہزار مالیتکی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون اور دیگر سامان، شاہدرہ میں حما د بٹ کی فیملی سے4 لاکھ مالیت، ما ڈل ٹائون میں مقصود کی فیملی سے ڈھائی لاکھ مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اورموبائل فون لوٹ لیا ہے۔ ڈاکوؤں نے شہر کے مختلف علاقوں میں راہزنی کی سات وارداتوں میں شہریوں سے ہزاروں روپے نقدی اور موبائل فون لوٹ لئے ہیں۔ چوروں نے شفیق آباد میں ناصر، شالیمار سے کاشف کی کاریں جبکہ گارڈن ٹائون میں صہیب، اچھرہ سے جا وید، نواب ٹائون میں اختر، ٹبی سٹی میں سبطین، مانگا منڈ ی میں جمیل کی موٹرسائیکلیں چوری کر لی ہیں۔ علاوہ ازیں فیروزوالہ سے نامہ نگار کے مطابق جی ٹی روڈ کی آبادی بھلے ڈسنوال (فیروزوالہ) میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے پولیس وردی پہن کر سٹور کے عملے کو یرغمال بنا کر ساڑھے تین لاکھ روپے کی رقم، لائسنسی رائفل چھین کر فرار ہو گئے۔ ڈاکوئوں نے رانا ٹائون کے قریب ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر نوجوان سے موٹر سائیکل اور نقدی چھین کر لے گئے۔ چوروں نے سرور کے گھر میں داخل ہو کر ہزاروں روپے رقم اور سامان چوری کر کے لے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن