.انتخابی اصلاحات ایکٹ میں ترمیم کیخلاف درخواست پر رجسٹرار سپریم کورٹ کا اعتراض
لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے انتخابی اصلاحات ایکٹ میں ترامیم کے خلاف دائر درخواست پر اعتراض عائد کر دیا۔ درخواست گزار عوامی تحریک کے رہنما اشتیاق چوہدری نے موقف اختیار کیا تھا کہ عدالت عظمی نے پانامہ لیکس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیا اور عدالتی فیصلے کے بعد آئین کے مطابق وہ اپنی سیاسی جماعت مسلم لیگ (ن) کی صدارت کیلئے بھی اہل نہیں رہے تاہم ن لیگ اور اس کے اتحادیوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو بے اثر کرنے کے لیے قانون میں ترمیم کی اور اب انتخابی اصلاحاتی ایکٹ کے ذریعے نواز شریف دوبارہ مسلم لیگ (ن) کے صدر بن گئے ہیں۔ انتخابی اصلاحات ایکٹ صرف ایک نااہل شخص کو صدر بنانے کے لیے لایا گیا۔ رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض عائدکرتے ہوئے درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔