.سعودی عرب میں رواں برس کے اختتام پر ’جاز موسیقی کے فیسٹیول کا اعلان
جد ہ(آن لائن)سعودی عرب کے ایک صنعتی زون نے رواں برس کے اختتام کے قریب جاز موسیقی کے فیسٹیول کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔صنعتی زون کی جانب سے یہ فیصلہ ملک کی اس پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت ملکی معیشت کا انحصار تیل پر کم کرتے ہوئے سیاحت اور تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔سعودی عرب میں قدامت پسندی کی وجہ سے عوامی سطح پر موسیقی اور رقص کے پروگرام نہ ہونے کے برابر ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق جدہ کے قریب کنگ عبداللہ اکنامک سٹی تعمیر کرنے والے گروپ ای ای سی کے گروپ چیف ایگزیکیٹیو فہد ال راشد نے بتایا ہے کہ ان کا مقصد ہے کہ جاز فیسٹیول میں غیر ملکی موسیقار اپنے فن کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے کہا ابھی یہ واضح نہیں کہ ویزہ کی موجودہ پالیسی کی وجہ سے بڑی تعداد میں غیر ملکی حاضرین اس فیسٹیول میں شرکت کر پائیں گے کہ نہیں لیکن پیشنگوئی کی کہ سعودی شہریوں کی بڑی تعداد ٹکٹ حاصل کرے گی۔