• news

کراچی: مغوی تاجر کی نعش برآمد، کورنگی ضیا کالونی میںفائرنگ سے ایک ہلاک

کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں اغوا کے بعد نعشیں ملنے کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا، 19 اکتوبرکو اغوا ہونے والے گلشن اقبال کے تاجر ندیم حسن زیدی کی نعشیں چھ روز بعد مل گئیں۔ کاشف سینٹر سے گھر روانگی کے بعد پراسرار طور پر غائب ہونے والے اکائونٹنٹ زبیر احمد کے گھر میں بھی کہرام، خیریت سے واپسی کی دعائیں مانگنا شروع کر دیں۔ گلشن اقبال میں رہنے والے تاجر ندیم حسن زیدی کو مبینہ طور پر 19 اکتوبر کو اغوا کیا گیا تھا جس کے بعد 25 اکتوبر کو اس کی نعش ملی جب کہ اغوا اور ہلاکت میں ملوث ملزمان کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ دوسری طرف شاہراہ فیصل پر کاشف سینٹر میں اکائونٹنٹ کی حیثیت سے کام کرنے والا زبیر احمد نامی شخص 26 اکتوبر کو اپنے گھر پاپوش نگر جانے کے لئے نکلا تھا جس کے بعد سے لاپتہ ہے۔ شبہ کیا جاتا ہے کہ اسے اغوا کر لیا گیا ہے تاہم صدر پولیس اطلاع دیئے جانے کے باوجود ابھی تک کارروائی سے گریزاں ہے۔ کورنگی کے علاقے ضیا کالونی میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص 40 سالہ محمد خالد ولد بابر سلطان ہلاک اور دوسرا 20 سالہ تنویر ولد غلام نبی زخمی ہوگیا جب کہ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق جمعرات کی شام پیش آنے والا یہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کے نتیجے میں پیش آیا جس کے بارے تفتیش اور ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بفر زون میں ٹوڈے ہوٹل کے نزدیک نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص 55 سالہ عبدالعزیز زخمی ہو گیا۔

ای پیپر-دی نیشن