• news

وزراءکی فوج ظفر موج موجود ہے مگر ایوان میں نہیں آتے وزیر کیڈ سب سے زیادہ غیر حاضر رہتے ہیں : چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی

اسلام آباد (خبرنگار خصو صی) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ وزراءکی فوج ظفر موج موجود ہے مگر ایوان میں نہیں آتے وزیر کیڈ سب سے زیادہ غیر حاضر رہتے ہیں مگر ایوان کے باہر ٹی وی چینل پر ہروقت نظر آتے ہیں وزراءکی عدم حاضری پر برہم ہو گئے، چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ وزیروں کی فوج رکھی گئی ہے ، جواب دینے نہیں آتے، وزیراعظم اپنے سوالوں کا جواب دینے ایوان میں آتے ہیں مگر وزیر نہیں آتے، وقفہ سوالات میں بھی وزیر نہیں آتے ہیں اب توجہ دلاﺅ نوٹس پر وزیر کیڈ نہیں آئے۔ وزیر توانائی، وزیر مکانات و تعمیرات، وزیر مذہبی امور اگر پارلیمان میں سوالوں کے جواب نہیں دے سکتے تو استعفیٰ دیں، یہ کوئی راجواڑا ہے کیا؟ متعلقہ وزیر جب تک نہیں آتے سوال موخر کیا جاتے ہیں، وزیروں کی عدم حاضری برداشت نہیں کی جائیگی۔ اگر وزیر نہ آئے تو قاعدہ 13کے تحت ان کے سینٹ میں داخلے پر پابندی لگائی جائے گی۔ گزشتہ روز بھی یہی حالت تھی اور یہ توجہ دلاﺅ نوٹس کل موخر کیا گیا تھا۔ کل وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ ان کی طبعیت خراب ہے مگر ٹی وی چینل پر ان کا جلسہ دکھایا جارہا تھا جس میں وہ عوامی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ وزیر کیڈ نے اب یہ درخواست بھیجی ہے کہ وہ ملک سے باہر ہیں قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہا کہ میں وزیر کیڈ سے پوچھوں گا اور ان سے وضاحت بھی طلب کی جائے گی۔ سینیٹر طاہر حسین مشہدی نے کہا کہ وزیراعظم توجہ دلاﺅ نوٹس پر جواب دے سکتے ہیں تو وزیر کیوں نہیں چیئرمین سینٹ نے کہا کہ کارروائی کروں گا تو پھر مجھ سے کوئی گلہ نہ کرے۔ وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے پورٹ اینڈ شپنگ چوہدری جعفر اقبال نے کہا کہ اس حوالے سے تازہ سوال کیا جائے۔ سینیٹر احمد حسن کے سوال کا جواب نہ آنے پر سینیٹر اعظم سواتی ی چیئرمین سینٹ کو سوال کمیٹی کو بھیجنے کی درخواست کی جسے چیئرمین نے مسترد کر دیا۔ وزیر انچارج انسانی حقوق نے ایوان کو بتایا انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے 87 ہزار کالیں آئی ہیں اور علاوہ ازیں ای میل بھی آئی ہیں روزانہ 16 گھنٹے ہیلپ لائن کی سروس دینے کے حوالے سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پانچ آپریٹرز موجود ہیں پانچ قانونی افسر ہیں تین صبح میں دو شام میں بیٹھتے ہیں۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ آپریٹرز کال کسے بھیجتے ہیں جس پر وزیر انچارج نے جواب دیا اس سیل کا ڈی جی بنایا گیا ہے اور وہ ڈی جی تمام معاملات کو دیکھتا ہے اور جو معاملات متعلقہ محکموں سے ہوں ان کو بھجوا دیئے جاتے ہیں۔ سینیٹر طاہر مشہدی نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ ایسے اقدامات کرے کہ جس سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہی نہ ہوں۔ رضا ربانی نے کہا کہ انسانی حقوق کمشن کے متبادل کمشن بنا دیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ خود انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے اس نے انسانی حقوق کا خیال کیا رکھنا ہے۔ چیئرمین سینٹ نے سوال انسانی حقوق کی قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔ کمیٹی کمشن کی کارکردگی کے حوالے سے بھی رپورٹ دے گی۔ وزیر مملکت پورٹ اینڈ شپنگ چوہدری جعفر اقبال جب وقفہ سوالات کے دوران جواب دینے لگے تو چیئرمین نے کہا کہ متعلقہ وزیر کہاں ہے جس پر وزیر مملکت نے کہا کہ وہ کراچی میں ہیں۔ سینٹ میں تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم خان سواتی کی مختلف مالی چیلنجوں‘ بیرونی قرضوں میں اضافہ‘ ترسیلات زر میں کمی اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ کے حوالے سے تحریک التواءبحث کے لئے منظور کر لی گئی۔
سینٹ

ای پیپر-دی نیشن