نئی حلقہ بندیاں، ترمیم جلد پیش کرینگے، قادیانیوں کی الگ ووٹر لسٹیں شائع ہونگی: وزیر قانون
پسرور/ سیالکوٹ (نامہ نگار+ اے پی پی) وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں مردم شماری کے نتائج کے بعد نئی حلقہ بندیوں اور قومی، صوبائی اسمبلیوں اور فاٹا کی نشستوں میں اضافے کے حوالے سے بل پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ حکمران جماعت اور اتحادی پارٹیوں کے ساتھ بھی مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ انتخابی اصلاحات بل میں بھی ایک ترمیم پیش کی جائے گی جس کے تحت قادیانیوں کی الگ ووٹر لسٹیں شائع کی جائیں گی تاکہ کسی غیر مسلم کا نام مسلم ووٹرلسٹ میں شامل نہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معززین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر قانون زاہد حامد خان نے ڈی سی سیالکوٹ ڈاکٹر نوید فرخ سے ملاقات کی اور انہیں ہدایت کی کہ پسرور سیالکوٹ روڈ کی جلد تعمیر ممکن بنانے کے لئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور محکمہ ہائی وے پنجاب کے درمیان کوارڈینیشن کو بہتر بنایا جائے تاکہ این ایچ اے کو ہرممکن تکنیکی معاونت مہیا کی جا سکے۔
وفاقی وزیر قانون