.مٹھن کوٹ: تنخواہ مانگنے پر وڈیرے نے ڈرائیور کی زبان کاٹ ڈالی، 3ملزم گرفتار
مٹھن کوٹ(نامہ نگار) وڈیرے نے بھائیوں اور کزن سے مل کر تنخواہ مانگنے پر ڈرائیور کی زبان کاٹ دی ۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے تین ملزموں کو گرفتار کرلیاجبکہ ایک فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے پولیس کی طرف سے اصل حقائق و واقعات کو میڈیا سے خفیہ رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ نواحی علاقہ قصہ دھینگن کے رہائشی تین بھائیوں رشید،تنویراور جہانگیر نے اپنے کزن یوسف کے ساتھ مل کر اپنے ٹریکٹر ٹرالی کے ڈرائیور یاسر کی زبان کاٹ دی ۔یاسر کے والد نے بتایا کہ اس کا بیٹا یاسر ملزمان کے پاس ڈرائیور تھا گذشتہ روز اس نے ملزمان سے تنخواہ مانگی اور انہیں بتایا کہ وہ ملازمت بھی ختم کر رہا ہے جس کا ملزمان نے برا منایا۔ وقوعہ کے وقت چاروں ملزمان نے اسے بستی پھلی کے نزدیک ویرانے میں بلایا ۔تین ملزمان تنویر،جہانگیر اور یوسف نے اسے قابو کر لیا جبکہ ملزم رشیدنے تیز دھار آلے کے ساتھ اس کی زبان کاٹ دی اور فرار ہو گئے ۔اطلاع ملنے پر مٹھن کوٹ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور چاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا پولیس نے واقعہ کے متعلق میڈیا کوکسی قسم کی معلومات فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے مصدقہ ذرائع نے بتایا ہے کہ پولیس نے تین ملزمان تنویر،جہانگیراور یوسف کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ملزم رشید کو ابھی تک نہیں پکڑا جا سکا اس بارے پولیس دیگر حقائق کو بھی خفیہ رکھے ہوئے ہے۔