مسئلہ کشمیر، سرفہرست نہ رکھنے والی جماعتوں کو قوم مسترد کر دیگی: عبدالرحمٰن مکی
لاہور (سپیشل رپورٹر)جماعۃ الدعوۃ شعبہ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کو اپنے منشور میں سر فہرست نہ رکھنے والی سیاسی جماعتوں کو قوم مسترد کر دے گی۔دختران ملت کی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی کو فی الفو ررہا کیا جائے۔بروقت علاج معالجہ کی سہولیات نہ ملنے پر ان کی صحت زیادہ خراب ہوئی۔بھارت سرکار جیلوں میں کشمیری قائدین سے ناروا سلوک کر رہی ہے اور انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنانا جا رہا ہے۔کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنے پر حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کو نظربند کیا گیا۔حکومت پاکستان غاصب بھارت کی ناراضگی کے ڈر سے خاموش تماشائی نہ بنے۔مظلوم کشمیریوں کی مدد کیلئے بین الاقوامی سطح پر بھر پور سفارتی مہم چلائی جائے۔گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیری شہداء کی قربانیاں تحریک آزادی کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ کشمیریوں کے خون سے بے وفائی کے سبب موجودہ حکومت مشکلات سے دوچار ہے۔ بھارتی فوج کشمیریوں پرہر آنے والے دن نئے طریقوں سے مظالم کرتی ہے۔اب کشمیری بیٹیوں کے سر کے بال کاٹے جا رہے ہیں یہ سنگین جرم ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی کی دوستی کا دم بھرنے والے پاکستانی سیاستدانوں کو شرم آنی چاہئے۔افسوس کی بات ہے کہ ہم اسلام آباد سے کشمیریوں کو کوئی طاقتور پیغام نہیں دے رہے۔ہمارا دفتر خارجہ بھی حق ادا نہیں کر رہا ۔کشمیر پر بھارت کا قبضہ ہے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں ،ادارے سب خاموش ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت سن لے،پیلٹ گن کے استعمال کے بعد نفسیاتی حملوں سے کشمیریوں کو زیر نہیں کیا جا سکتا۔اس طرح امن نہیں آئے گا۔کشمیر کی تحریک کو دہشت گردی کہنے والے کشمیری و پاکستانی قوم سے مخلص نہیں ہیں۔ اگر مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی،یاسین ملک،شبیر شاہ،آسیہ اندرابی گرفتار ہیں تو پاکستان میں حافظ محمد سعید نظربند اور انکے کارکنان سراپا احتجاج ہیں۔انہوںنے کہاکہ برصغیرمیںامن کا راستہ کشمیر کی آزادی کی تحریک سے گزرتا ہے۔ جس نے بھی کشمیر کاز سے غداری کی رسوائی ان کا مقدر بنی ہے۔