احمد نورانی پر حملہ بدامنی، انتشار پھیلانے کی کوشش ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر بہت سی چیزوں کا ردعمل ہوسکتا ہے: خورشید شاہ مذمت کرتے ہیں: ملالہ یوسفزئی
اسلام آباد/ لندن (نوائے وقت رپورٹ + صباح نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے صحافی احمد نورانی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے احمد نورانی کیلئے گلدستہ بھجوایا گیا جو ان کے نمائندے نے احمد نورانی کو دیا۔ میجر جنرل آصف غفور نے احمد نورانی کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے احمد نورانی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملہ بدامنی اور انتشار پھیلانے کی گھنائونی کوشش ہے۔ مجرموں کو پکڑنے اور انصاف کے کٹہرے میں لانے کی کوششوں میں مکمل تعاون کریں گے۔ صباح نیوز کے مطابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے صحافی پرحملہ افسوسناک، کسی کی ذاتی دشمنی ہے تو بات کو سامنے آنا چاہیے، صحافی پر تشدد بہت سی چیزوں کا ردعمل ہو سکتا ہے۔ پمز ہسپتال میں احمد نورانی کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ کوئی پہلی بار نہیں ہوا بار بار ہوتا رہا ہے، اس طریقے سے آواز دبائی نہیں جا سکتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا انتظامیہ اور حکومت ملزموں کو سامنے لائیں۔ اپوزیشن کی آواز بول رہا ہوں، ایسے واقعات اب مزید برداشت نہیں کریں گے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ملالہ یوسف زئی نے صحافی احمد نورانی کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا ہے صحافی احمد نورانی کی جدوجہد پاکستان کیلئے ہے، ہم ان کے ساتھ ہیں، ہماری جدوجہد بھی پاکستان کیلئے ہے، تعلیم کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ ایک دن پاکستان ضرور آئوں گی۔ ملالہ کے والد ضیاء الدین یوسف زئی نے کہا ہم نے بھی ایسے ہی مسائل کا سامنا کیا، ہمیں یقین ہے بزدل لوگ ناکام ہوں گے۔ پاکستان کی بہتری کا سوچنے والے ہی کامیاب ہوں گے۔