عمران خان کے موقف میں تضادات کیخلاف حنیف عباسی نے متفرق درخواست دائر کر دی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں مسلم لیگ(ن) کے رہنما حنیف عباسی نے نااہلی کیس میں عمران خان کے موقف میں تضادات کے خلاف متفرق درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں کہا گیا کہ عمران کی جانب سے پہلے کہا گیا کرایہ دار کے ساتھ قانونی چارہ جوئی بے سود رہی، اب کہا گیا نیازی سروسز سے 65 ہزار یورو عمران خان کو ملے، نیازی سروسز کا یورو اکائونٹ بھی پہلے کبھی سامنے نہیں آیا، نئے اکائونٹ کی 2007 ء سے پہلے کی تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں۔ تفصیلات صرف اس دور کی دی گئیں جب عمران خان منتخب نمائندے نہیں تھے، بنی گالہ اراضی کیلئے ادا کئے گئے 65 لاکھ روپے ٹیکس گوشواروں میں تحفہ ظاہر کئے گئے‘ انتخابی گوشواروں میں 65 لاکھ کو بطور ایڈوانس ظاہر کیا گیا، عمران خان کے ترمیم شدہ جواب اور بیان حلفی میں بھی تضاد ہے، بیان حلفی اور جواب میں لندن فلیٹ کی قیمت میں پانچ سو ڈالر کا فرق ہے، لندن فلیٹ کی خریداری کی تاریخ میں بھی واضح فرق ہے، پہلے کہا گیا عمران خان 1971 ء سے پاکستان میں رہائش پذیر نہیں تھے لیکن پاکستان میں رہائش کے دوران ہی عمران خان کا کرکٹ کیرئیر 1971ء میں شروع ہوا، حنیف عباسی کی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ عمران خان کے اقدامات کو ایمانداری پر مبنی نہیں کہا جا سکتا۔ واضح رہے کیس کی سماعت 7نومبر کو ہوگی۔