• news

بانی متحدہ اور دیگر ملزموں کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ جاری جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ

کراچی(آئی این پی+صباح نیوز ) بانی ایم کیوایم کی اشتعال انگیز تقریر سے متعلق کیس میں عدالت نے کیس میں بانی ایم کیوایم سمیت مفرورملزمان کے ایک بارپھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے اور مفرور ملزمان کو گرفتار کرکے 25 نومبر تک پیش کرنے کا حکم دیدیا جبکہ تفتیشی افسر نے کہا ہے کہ تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہفتہ کو 22 اگست 2016 کی اشتعال انگیز تقریر، جلاؤ گھیراؤ اور میڈیا ہاؤسز پر حملے سے متعلق کیس کی سماعت کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہوئی جس میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار اور عامر خان سمیت مقدمات میں نامزد ایم کیوایم لندن کے ملزمان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے کیس میں بانی ایم کیوایم سمیت مفرورملزمان کے ایک بارپھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے اور مفرور ملزمان کو گرفتار کرکے 25 نومبر تک پیش کرنے کا حکم دیا۔مقدمے کے تفتیشی افسر انسپکٹر حمید نے بتایا کیس میں از سر نوتفتیش اور تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے صوبائی محکمہ داخلہ کو درخواست دی گئی ہے۔تفتیشی افسر نے کہا ملزمان اور عینی شاہدین کے بیان کے بعد نئے حقائق سامنے آئے ہیں اس لیے جے آئی ٹی بنانا لازمی ہے۔ جے آئی ٹی کی اجازت جیسے ہی ملے گی اس سے عدالت کو آگاہ کردیا جائے گا۔عدلت نے ایم کیو ایم کے دیگر رہنماؤں سلمان مجاہد، خالد مقبول، رشید گوڈیل، خوش بخت شجاعت سمیت دیگر رہنماؤں کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔

ای پیپر-دی نیشن