• news

تحریک لبیک یا رسول اللہ کا بابو صابو انٹرچینج پر دھرنا جاری‘ حکومت کیخلاف نعرہ بازی

لاہور+ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ وقائع نگار خصوصی) تحریک لبیک یا رسول اللہؐ کے زیراہتمام اسلام آباد دھرنے کے مطالبات منظور نہ ہونے کے خلاف بابو صابو انٹرچینج پر بھی تحریک کے کارکنوں نے دھرنا دے دیا، دھرنے کے باعث ٹریفک کا نظام بُری طرح متاثر ہوا، جس سے شہری خوار ہوتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک یا رسول اللہ کے چیئرمین اشرف آصف جلالی کے بھائی عابد جلالی بابو صابو دھرنے میں پہنچ گئے جہاں انہوں نے دھرنے کی قیادت کی۔ بابو صابو انٹرچینج پر دوسرے روز بھی دھرنا جاری رہا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد دھرنے کے مطالبات تسلیم کئے جائیں۔ قائدین کے مطالبات منظور نہیں کئے جاتے اس وقت تک روڈ کو ٹریفک کے لئے نہیں کھولیں گے۔ دھرنے میں شریک افراد صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ اس دوران مظاہرین نے ٹریفک کی روانی بحال کرنے سے انکار کردیا جس کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ گاڑیوں سمیت ایمبولینس پھنسی رہیں اور شہری دھرنے کے شرکاء اور حکومت کو بددعائیں دیتے رہے ۔ علاوہ ازیں پاکستان سنی تحریک نے ختم نبوت دھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کیلئے فیض آباد چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا، تقریباً دو گھنٹے تک اسلام آباد ہائی وے پرٹریفک بلاک رہی، دھرنے کے شرکاء کے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی گئی اور وہاں بیٹھے شرکاء کیلئے اشیائے خوردونوش پہنچانے کیلئے راستے کھولنے کا مطالبہ کیا گیا، احتجاجی مظاہرے کی قیادت پاکستان سنی تحریک راولپنڈی ڈویژن کے صدر مفتی لیاقت علی رضوی، ضلع اسلام آبادکے صدر علامہ وسیم عباسی، تحریک لبیک یارسول اللہ کے رہنما مولانا وقار مدنی، ادارہ صراط مستقیم کے علامہ اشفاق صابری، بزم رضا کے علامہ شفیق قادری، علامہ واسم موہڑوی ، رمیض عباسی ودیگر رہنمائوں نے کی۔ اس موقع پر مفتی لیاقت علی رضوی نے اسلام آباد میں تحفظ ختم نبوت مارچ کے شرکاء کی گرفتاریوں پر شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ختم نبوت مارچ کے گرفتار افراد کو فوری رہا کرے اور ان پر قائم کردہ تمام مقدمات کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے حکومت کے قادیانیت نواز اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تحفظ ختم نبوت کے مطالبات تسلیم کرنے کے بجائے الٹا معاملات کو بگاڑ رہی ہے، ہم دھرنے کے شرکاء کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، مولانا وقار مدنی کاکہنا تھاکہ دھرنے کے مطالبات تسلیم کئے جائیں۔ علامہ وسیم عباسی کاکہنا تھاکہ حکومتی صفوں کو قادیانیت نواز عناصر سے پاک کیا جائے، قادیانیوں کو کلیدی آسامیوں سے الگ کیا جائے۔جمعیت علماء پاکستان کے صدر علامہ قاری محمد زوار بہادر کی اسلام آباد میں کاروان ختم نبوت کے دھرنے میں آمد اور ڈاکٹر اشرف آصف جلالی سے ملاقات کی انہوں نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ آپ رسول اکرم ﷺ کی ختم نبوت اور ناموس رسالت کی خاطر یہاں موجود ہیں اس مشن میں پوری سنی قوم آپ کے ساتھ ہے اور آپ کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی اور دھرنے کے شرکاء کے مطالبات ملک بھر کے اہلسنت کے مطالبات ہیں۔ کاروان ختم نبوت کے شرکا کے ساتھ انتظامیہ اور حکمرانوں کا رویہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ اس موقع پر جے یوپی کے مرکزی رہنما مفتی تصدق حسین، حافظ احسان الحق نورانی، راجہ قاروق اعظم، حافظ محمد رمضان ،اخلاق احمد جلالی اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ای پیپر-دی نیشن