قائد اعظم کے بعد 2ہی لیڈر پاکستان کو ملے ایک بھٹو دوسرے عمران خان: مصطفی کھر
چوک سرور شہید (نامہ نگار) ذوالفقار علی بھٹو میرا سیاسی باپ تھا۔ میں نے سیاست ان سے سیکھی، مجھ سے زیادہ سیاست کو پاکستان میں کوئی نہیں سمجھتا۔ لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں اور کوئی کوئی ماں لیڈر پیدا کرتی ہے۔ قائد اعظم کے بعد پاکستان کو دو ہی لیڈر ملے ان میں ایک ذوالفقار علی بھٹو اور دوسرا عمران خان ہے۔ سابق گورنر پنجاب ملک غلام مصطفی کھر نے گزشتہ روز چوک سرورشہید میں پی ٹی آئی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں بہت سے انقلاب آئے۔ سب سے بڑا انقلاب حضرت محمد ﷺ لیکر آئے۔ بعد ازاں کمیونسٹ اور دیگر انقلاب آئے۔ اب اللہ تعالیٰ نے انقلاب کیلئے پاکستان کا انتخاب کرلیا ہے اور پاکستان میں انقلاب عمران خان لے کر آئینگے ۔ اس سے پہلے پاکستان میں ذوالفقار علی بھٹو بھی عوامی انقلاب لیکر آئے تھے، میں یہ بات واضح کردوں کہ انقلاب وہی لیڈر لاتے ہیں جن کے ساتھ نوجوان ہوں۔ میرا تجربہ کہہ رہا ہے کہ عمران خان حکومت میں آنیوالا ہے۔حکومت میں آنا بہت بڑی بات نہیں حکومت چلانا بڑی بات ہوتی ہے۔ پاکستان کو اگر بنجر ہونے سے بچانا ہے تو کالا باغ ڈیم بنانا پڑے گا۔پاکستان کو ایٹم بم کی ضرورت نہیں پاکستان کو کالاباغ ڈیم کی ضرورت ہے۔