پنجاب بھر میں سرچ آپریشنز: 219 افراد گرفتار
لاہور/ حافظ آباد/ ونیکے تارڑ (سٹاف رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کے احکامات پر پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں کومبنگ، سرچ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہے۔ پولیس نے گذشتہ رات صوبے بھر میں کومبنگ، سرچ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 5003 افراد کو چیک کیا، دوران چیکنگ نامکمل دستاویزات سمیت مختلف جرائم میں ملوث 219 افراد کو حراست میں لے لیا معلوم ہوا کہ لاہور میں 20 سرچ آپریشنز کے دوران 838 افراد کو چیک کیا، 09 افرادکو حراست میں لے لیاگیا۔ شیخوپورہ ریجن میں 12 آپریشنز کے دوران 378 افراد کو چیک کیا گیا اور 11 افرادکو حراست میں لے لیا گیا۔ گوجرانوالہ ریجن میں 6 آپریشنز کے دوران77 افراد کو چیک کیا گیا 08 افراد حراست میں لئے گئے ۔ راولپنڈی ریجن میں 8 آپریشنز کے دوران610 افراد کو چیک کیا گیا 93 مشکوک افرادکو حراست میں لیا گیا۔ اسی طرح سرگودھا ریجن میں ہونے والے 11 آپریشنز کے دوران475 افراد کو چیک کر کے 13 افراد حراست میں لئے گئے۔ فیصل آباد ریجن میں 27 آپریشنز ہوئے جس دوران981 افراد کو چیک کیا گیا اور 38 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ملتان ریجن میں ہونے والے9 سرچ کومبنگ آپریشنز کے دوران 460 افراد کے کوائف چیک کئے گئے 23 مشکوک افراد کو حراست میں لیاگیا، ساہیوال ریجن میں 10 سرچ آپریشنز کے دوران191 افراد کو چیک کیا گیا اور 11 افراد کو حراست میں لیا گیا، ڈی جی خان میں بھی 135 افراد کے کوائف چیک کرتے ہوئے 06 افرادکو حراست میں لیا گیا، بہاولپور ریجن میں858 افراد کو چیک کرتے ہوئے 7 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا۔ علاوہ ازیں محکمہ انسداد دہشت گردی اور ایلیٹ فورس نے اتوار کے روز صبح سویرے تھانہ کالیکی منڈی میں تلاشی کی کارروائی کے دوران 26 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ تفتیش کے بعد 24 افراد کو رہا کر دیا گیا اور دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ڈی پی او ڈاکٹر غیاث گل نے آپریشن کی نگرانی کی۔ کارروائی کے دوران پولیس کو مطلوب 30 جرائم پیشہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا۔