• news

پاکستان اور سری لنکن کرکٹ ٹیموں نے دہشت گردانہ سوچ کو آئوٹ کردیا: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کا پاکستان آنا اور کرکٹ کھیلنا خوش آئند ہے، دونوں ٹیموں نے ملکر دہشت گردانہ سوچ کو کلین بولڈ کردیا۔ سری لنکا کی ٹیم نے پاکستان آ کر جرأت مندی اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کا ثبوت دیا جس پر پاکستان کے عوام سری لنکا کی حکومت اور انکے عوام کے شکر گزار ہیں دیگر ممالک کی کرکٹ ٹیمیں بھی سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے عزم اور جرأت کی پیروی کریں اور انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کوکھیل کے میدانوں سے بھی اتحاد اور یکجہتی کے مظاہرہ کے ذریعے سخت جواب دیں۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سری لنکا نے ایک طویل عرصہ دہشت گردی کے زخم سہے۔ وہ دہشت گردی کے مضمرات اور سدباب کا بخوبی ادراک رکھتا ہے۔ ایک مشکل وقت میں سری لنکا نے اسی شہر لاہور میں جہاں انکی ٹیم پر دہشتگرد حملہ ہوا تھا کرکٹ کھیل کر پاکستان کے اچھے اور سچے دوست ہونے کا عملی ثبوت دیا۔ انشا اللہ تعالیٰ بہت جلد سری لنکا کی طرح پاکستان بھی اپنی سر زمین کو دہشتگردوں سے پاک کرنے میں کامیاب ہو گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے مشکل وقت میں ملک کیلئے کرکٹ کھیلنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھی مبارکباد دی۔

ای پیپر-دی نیشن