• news

تجارت میں اضافے کے خواہاں‘ ہیڈ کوارٹرز کی تعمیر جاری ہے:سفیر ناروے

اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں ناروے کے سفیر تورے نیدرے بو نے کہا ہے ناروے پاکستان کے ساتھ تجارت میں اضافے کا خواہاں ہے۔ ناروے کی ٹیلی کام کمپنی ٹیلی نار نے پاکستان میں اب تک 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ ٹیلی نار 200 ملین ڈالر کی مزید سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ وہ اسلام آباد سے باہر اپنا نیا ہیڈ کوارٹر تعمیر کر رہی ہے۔ ’’وقت نیوز‘‘ کے پروگرام ’’ایمبیسی روڈ‘‘ میں انٹرویو دیتے ہوئے ناروے کے سفیر نے کہا فی الوقت پاکستان اور ناروے کے درمیان سالانہ ایک سو ملین ڈالر کی تجارت ہو رہی ہے۔ اس تجارت کا توازن پاکستان کے حق میں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا چالیس ہزار سے زیادہ پاکستانی ناروے میں مقیم ہیں۔ ان پاکستانیوں میں سے ایک پاکستانی حال ہی میں ناروے کی پارلیمنٹ کا ڈپٹی سپیکر بھی منتخب ہوا ہے۔ کئی پاکستانی نژاد نارویجن شہری ناروے کے جمہوری اداروں میں رکن منتخب ہو چکے ہیں۔انہوں نے بتایا پاکستانی نژاد نارویجن شہری بہت باصلاحیت ہیں وہ زندگی کے مختلف شعبوں میں تعمیری کردار ادا کر رہے ہیں۔ خاص طور پر پاکستانی نژاد لڑکیاں بہت باصلاحیت ہیں۔ وہ اپنے لئے ناروے میں بڑا مقام پیدا کر رہی ہیں۔ ناروے میں مقیم پاکستانیوں کے بارے میںاستفسار پر سفیر نے بتایا ناروے میں مقیم پاکستانیوں کی زیادہ تر کا تعلق گجرات‘ کھاریاں اور اس کے گردو نواح سے ہے۔ 1975 ء تک ناروے میں صرف تیس ہزار پاکستانی تھے جو اب چالیس ہزار ہو گئے ہیں۔ زیادہ تر پاکستانی گجرات سے تعلق رکھتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ناروے کے سفیر نے بتایا کہ ناروے نے اب امیگریشن پر پابندی لگا دی ہے۔ کئی پاکستانی سیاسی اور مذہبی بنیادوں پر ناروے میں سیاسی پناہ لینے کی کوشش کرتے ہیں۔ سیاسی سطح پر پاک ناروے کے تعلقات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ناروے کے سفیر نے کہا کہ 2015 ء میں پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے ناروے کا دورہ کیا تھا۔ اس کے بعد ناروے کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے دو دورے کئے ہیں۔ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ سال میں کم از کم ایک مرتبہ پاک ناروے سیاسی مشاورتی اجلاس ضرور منعقد ہو۔ ناروے کے سفیر نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پاکستان اور ناروے میں کراس بارڈر جرائم کی روک تھام کے لئے ایک سمجھوتہ موجود ہے۔ جس کے تحت ناروے پاکستان کی پولیس کو کراس بارڈر جرائم کی روک تھام کے لئے تربیت دیتا ہے۔ ناروے نے گجرات پولیس کو فورنیزک لیبارٹری اور فورینزک وین بھی دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن