نارووال، مظفر گڑھ: آئل ٹینکرز الٹنے سے ہزاروں لٹر فرنس آئل سڑک پر بہہ گیا
نارووال/ بدوملہی/ مظفر گڑھ (نامہ نگاران+ اے این این) مختلف مقامات پر آئل ٹینکرز الٹنے سے ہزاروں لیٹر فرنس آئل سڑک پر بہہ گیا۔ نارووال لوبن پلی کے قریب حبکو پاور پلانٹ کو سپلائی کرنے کیلئے نجی کمپنی کے آئل فرنس سے بھرے تین ٹینکر مریدکے روڈ لوبن پلی کے قریب کھڑے ہو گئے۔ پولیس کے مطابق پیچھے سے آنے والے تیز رفتار کوئلہ کے ٹرک نے کھڑے ٹینکر کو ٹکر مار دی جس فرنس آئل سڑک پر بہنے لگا۔ قریبی دیہاتی گیلن لیکر تیل اکٹھا کرنے پہنچ گئے تاہم پولیس موقع پر پہنچ کر لوگوں کو آئل ٹینکر سے دور کیا۔ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ٹینکر کے سوراخ کو عارضی طور پر بند کیا۔ اس دوران ٹینکر کے ڈرائیور کے مطابق تقریباً 25 ہزار لیٹر سے زائد تیل سڑک پر بہہ گیا۔ ٹینکر کے سوراخ کو مکمل بند کرنے کے بجائے ٹینکر کو سڑک سے دور لے جانے کی کوشش کی۔ فرنس آئل تقریباً ایک کلومیٹر تک سڑک پر پھیل گیا، سڑک پر ہر طرف پھسلن ہوگئی، عوام کو آمدروفت میں مشکلات کا سامنا رہا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ پولیس نے نہ تو اعلیٰ افسران کو آگاہ کیا نہ ہی ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔ میڈیا پر خبریں بریک ہونے کے بعد ڈی پی او نارووال عمران کشور بھی موقع پر پہنچ گئے۔ مظفر گڑھ کے علاقے لنگر سرائے کے قریب 50 ہزار لٹر پٹرول سے بھرا آئل ٹینکر الٹ گیا جس سے روڈ بلاک ہو گئی، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔