پی آئی اے نے نقصان میں جانے والی پروازیں بند کرنے اور نئے روٹس کی منظوری لے لی
لاہور (شعیب الدین سے) پی آئی اے نے آپریشنل خسارے سے نجات پانے کیلئے نقصان میں جانے والے روٹس ختم کرکے نئے روٹس پر جانے کے فیصلے کے تحت پہلی پرواز کی بندش اور نئے روٹس کی منظوری لے لی۔ پی آئی اے کے ذرائع کے مطابق گزشتہ سال پی آئی اے کا کل خسارہ 45 ارب اور آپریشنل خسارہ 15 ارب تھا۔ اس مستقل نقصان کے خاتمے کیلئے منافع بخش روٹس بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سب سے زیادہ خسارے میں جانے والی لاہور نیویارک پرواز کو سب سے پہلے بند کیا جاچکا ہے جس کی جگہ یورپ‘ سعودی عرب‘ چین‘ مشرق بعید میں پرانے روٹس بحال کرکے پروازیں شروع کی جائیں گی۔ پی آئی اے سعودی عرب کیلئے حج اور عمرہ کی پروازوں میں اضافہ کو ترجیح دے رہی ہے کہ یہ سب سے منافع بخش روٹ ہے۔ یورپ میں بند کئے گئے روٹس کو بھی بحال کیا جارہا ہے جبکہ چین اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ایئر ٹریفک کی وجہ سے بیجنگ کے روٹ پر پرواز بڑھانے اور گوانگزو شروع کرنے کا معاملہ طے ہورہا ہے۔ کوالالمپور کی پرواز شروع کرنے کے علاوہ مشرق بعید میں مزید سٹیشنز بھی زیرغور ہیں۔