پارٹی صدر بننے کیخلاف درخواست‘ ہائیکورٹ نے نوازشریف سے جواب طلب کر لیا
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پارٹی صدر بننے کے خلاف دائر درخواست پر سابق وزیراعظم نواز شریف سے 14نومبر تک جواب طلب کرلیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کے پارٹی صدر بننے کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے ۔ عدالتی حکم کے تحت رجسٹرار آفس کی جانب سے سابق وزیراعظم کو نوٹس بھی بھجوایا گیا ہے۔ نوٹس میں نواز شریف سے 14نومبر تک جواب طلب کیا گیا ہے۔ مخدوم نیاز انقلابی اور ابرار رضا کی درخواست پر جاری حکم نامے کے تحت سیکرٹری قانون، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، چیف الیکشن کمشنر اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کو بھی نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ کیس کی سماعت 14 نومبر کو ہوگی۔ درخواست میں الیکشن ایکٹ کی شق 232اور 203 کو چیلنج کیا گیا ہے۔