• news

بگلیہار میں پانی روکے جانے پر ہیڈمرالہ پر آمد صرف 6 ہزار 512 کیوسک رہ گئی

سیالکوٹ (نامہ نگار )بھارت کی طرف سے بگلیہاڑ میں پانی روکے جانے کی وجہ سے ہیڈمرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد میںصرف 6512 کیوسک رہ گئی۔ پانی میں کمی کی وجہ سے نہر مرالہ راوی لنک کے مکمل ہوجانے کے بعد نہر اپر چناب کے پانی کے اخراج میں بھی کمی کردی اور اس میں 7600 کیوسک پانی چھوڑا جارہا ہے ۔ محکمہ ایری گیشن کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بگلیہارڈیم پر بھارت نے دریائے چناب کا پانی روک رکھا ہے اور اسکے اخراج میں مزید کمی کردی۔ دریائے چناب کا پانی انتہائی کم سطح پر جاپہنچا۔ پانی کی کمی کے باعث دریائے چناب سے نکلنے والی نہر مرالہ راوی لنک ڈیڑھ ماہ سے مکمل طور پر بند پڑی ہے۔ محکمہ ایری گیشن کے مطابق مقبوضہ کشمیر سے آکر دریائے چناب میں شامل ہونے والے دودیگر دریائوں دریائے مناور توی اور دریائے جموں توی کے پانی میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے اور گذشتہ روز دریائے مناورتوی کے پانی کی آمد صرف 606 کیوسک اور دریائے جموں توی کے پانی کی آمد 1353 کیوسک رہی ۔

ای پیپر-دی نیشن