• news

ایف بی آر کا این ٹی ایس آفس پر چھاپہ‘ پوچھ گچھ، ریکارڈ قبضے میں لے لیا

اسلام آباد (نامہ نگار) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس )کے اسلام آباد میں موجود دفاتر پر چھاپہ مار کر ٹیکس اور دیگر معاملات سے متعلقہ ریکارڈ قبضے میں لے لیا ہے جبکہ این ٹی ایس کے سی ای او ڈاکٹر شیرزادہ کو بھی ایف بی آر طلب کر کے پوچھ گچھ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو دن ساڑھے تین بجے کے قریب فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کی ٹیم نے نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس )کے اسلام آباد کے سیکٹرز ایچ ایٹ اور آئی ایٹ میں قائم دفاتر پر چھاپہ مارا اور ٹیکس اور دیگر معاملات سے متعلقہ ریکارڈ اور کمپیوٹرز کو قبضہ میں لے لیا۔ذرائع کے مطابق چھاپے کے موقع پر این ٹی ایس کے ایک ڈائریکٹرایڈمن، ڈی ڈی او اور ایف بی آر کی ٹیم کی ویڈیو بنانے والے این ٹی ایس کے دو ملازمین کو کچھ وقت کے لیے حراست میں بھی لیا تاہم انہیں بعد میں موقع پر ہی رہا کر دیا گیا۔دوسری جانب این ٹی ایس کے ترجمان شکیل اختر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میڈیا میں جاری ہونے والی خبریں بے بنیاد ہیں کہ این ٹی ایس کے دفاتر پر نیب کے چھاپوں کی خبر درست نہیں ہے اور نہ ہی این ٹی ایس کے کسی ڈائریکٹر کو حراست میں لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلجنس اینڈ انویسٹیگیشن (ان لینڈ ریونیو) نے این ٹی ایس کے ٹیکس سے متعلق ریکارڈ قبضہ میں لیا ہے جبکہ اس کے علاوہ مزید کچھ ریکارڈ اور کمپیوٹرز بھی قبضہ میں لیے گئے ہیں،جو ٹیکس ریکارڈ سے متعلق نہیں ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ این ٹی ایس کے سی ای او ڈاکٹر شیرزادہ ایف بی آر کی ٹیم کے پیچھے ان کے دفتر گئے اور انہیں مطمئن کیااور متعلقہ حکام کو اپنے موقف سے آگاہ کیا ۔سی ای او نے ایف بی آر حکام کو بتایا کہ این ٹی ایس قانون کے مطابق تمام ٹیکس بقایا جات ادا کر دے گا ،تاہم این ٹی ایس کے کسی ڈائریکٹر یا ملازم کو حراست میں نہیں لیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن