• news

2 چینی مغوی باشندوں کے قتل کی تصدیق ہوگئی ذمہ دار کٹہرے میں لائیں گے :پاکستان

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان نے بلوچستان سے اغوا کے بعد دو چینی باشندوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف چین اور عالمی برادری کیساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے جبکہ چینی باشندوں کے قتل میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق حکومت پاکستان نے دو چینی باشندوں کی ہلاکت کی شدید مذمت کی ہے ۔ ڈی این اے رپورٹ سے یہ تصدیق ہوگئی ہے کہ جون 2017ء میں بلوچستان میں قتل کئے گئے دو افراد وہی چینی باشندے تھے جنہیں مئی 2017ء میں کوئٹہ سے اغوا کیا گیا تھا۔ بیان کے مطابق حکومت پاکستان نے دہشت گردی کے اس ظالمانہ اقدام پر شدید صدمے اور رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے چین کی حکومت، عوام اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ بیان کے مطابق حکومت پاکستان اس واقعہ کی مکمل تحقیقات جاری رکھے گی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی تمام شکلوں اور صورتوں کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔ ہم دہشت گردی کیخلاف چینی حکومت کی بھرپور حمایت پر تشکر کا اظہارکرتے ہیں۔ پاکستان انسداد دہشت گردی اور علاقائی و عالمی امن و سلامتی کے حوالے سے تعاون بڑھانے کیلئے چین اور عالمی برادری کیساتھ ملکر کام کرتا رہیگا۔

ای پیپر-دی نیشن