دیوانی مقدمات، ہائیکورٹ کی رولز کمیٹی نے مزید تجاویز طلب کرلیں
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کی رولز کمیٹی نے دیوانی مقدمات کے رولز میں موجود سقم دور کرنے کے لئے مرتب کی جانے والی سفارشات پر تمام فریقین اور عوام سے مزید اعتراضات اور تحریری تجاویز طلب کرلیں۔ ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس یاور علی کی صدارت میں رولز کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ جسٹس امین الدین خان، جسٹس شاہد کریم، جسٹس شمس محمود مرزا، جسٹس طارق عباسی اور سینئر ایڈووکیٹ ظفر کلانوری شریک ہوئے۔ کمیٹی نے رولز میں ترمیم سے متعلق سفارشات کو فل کورٹ کے سامنے پیش کرنے سے قبل ہائیکورٹ کے ججز، وفاقی اور صوبائی وزارت قانون، تمام بار کونسلز، ضلعی عدلیہ کے ججز اور عوام سے مرتب کردہ سفارشات پر تحریری اعتراضات اور تجاویز طلب کررکھی تھیں۔ کمیٹی کی ہدایت پر تجاویز اور اعتراضات تحریری صورت میں پیش کئے گئے۔ کمیٹی نے تمام فریقوں کو مزید تجاویز اور اعتراضات دو ہفتے میں تحریری شکل میںجمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔