• news

عائشہ گلالئی نااہلی کیس کی جلد سماعت کیلئے متفرق درخواست دائر

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کی نااہلی کے کیس کی جلد سماعت کے لئے ایک متفرق درخواست دائر کردی گئی ہے۔ درخواست وکیل کلثوم خالق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ سے انٹرا کورٹ اپیل خارج ہونے پر سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کی گئی تھی، جس میں درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ عائشہ گلالئی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر سنگین الزام لگائے جو ثابت نہیں ہو سکے۔ چیئرمین پی ٹی آئی پر بغیر ثبوت غیر مناسب الزام لگانا عائشہ گلالئی کی نا اہلی کے لیے کافی ہیں, ہمارا مذہب ہمیں فحش چیزوں کی تشہیر کی اجازت نہیں دیتا‘ الیکشن کمشن میں بھی درخواست دی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی، عدالت الیکشن کمشن کو ہدایت جاری کرے کہ عائشہ گلالئی کی نا اہلی کا نوٹیفکیشن جاری کرے، درخواست میں الیکشن کمشن آف پاکستان‘ سپیکر قومی اسمبلی اور عائشہ گلالئی کو فریق بنایا گیا ہے۔ جلد سماعت کی متفرق درخواست پر ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے جلد سماعت کی درخواست پر نمبر 3721 لگا دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن