• news

خفیہ ملاقات ہے یا لندن پلان‘ نئے انتخابات ناگزیر ہیں: شفقت محمود

لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شفقت محمود نے کہا ہے لندن میں مسلم لیگ (ن) کا اجتماع ہو رہا ہے، جس میں وزیراعظم خاقان عباسی، وزیرخارجہ خواجہ آصف اور وزیراعلیٰ شہبازشریف سمیت دیگر شرکت کررہے ہیں، ملک کی سب سے بڑی پارٹی سمجھنے والوں کا لندن میں اجلاس سمجھ سے بالاتر ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے وزراء کا پاکستان کی بجائے لندن میں اجلاس تشویشناک ہے، لندن پلان پر ہونے والے خرچوں کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں، ہمیں خدشہ ہے کہ یہ خرچے عوام کے ٹیکسوں کے پیسوں سے ہوئے ہیں، شاہد خاقان عباسی اب نوازشریف کو اپنا وزیراعظم کہتے ہیں، خادم اعلیٰ کی کارکردگی صفر ہے، 56پرائیویٹ کمپنیوں میں اربوں روپے کی کرپشن خادم اعلیٰ کی حکومت پر سوالیہ نشان ہے، میگاپروجیکٹ کرپشن اور ککس بیکس کے لئے شروع کرتے ہیں، ہسپتالوں میں سہولیات نہ ہونے سے خواتین سڑکوں پر بچوں کو جنم دینے پر مجبور ہیں، تعلیم کا بُرا حال ہے ، ان واقعات سے شہبازشریف کی گڈگورننس کا پول کھل گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین سیکرٹریٹ میںپریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا شریف فیملی کے بچے اور بزنس پہلے ہی بیرون ملک ہیں اور ان کی جماعت کے خفیہ اجلاس بھی باہر ہونا شروع ہوگئے ہیں، قو م جاننا چاہتی ہے کیا کھچڑی پک رہی ہے، نوازشریف جدہ سے پاکستان آکر اپنے وزراء سے مل لیتے، اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوچکے ہیں اور نیب میں ان کی انکوائری چل رہی ہے اور وہ دنیا کے چکر لگا رہے ہیں ان کو فوری استعفیٰ دینا چاہئے۔ نوازشریف کا یہ کہنا کہ سٹاک مارکیٹ کریش ہو گئی تو یہ کس کو کہہ رہے ہیں ان کی اپنی حکومت ہے، ان کی حکومت میں ایکسپورٹ 25ارب ڈالرسے 20 ارب ڈالر پر آگئی ہیں۔ حکومت نے چار برسوں میں ہائی انٹریسٹ چارسو ملین ڈالر کا قرضہ لیا اور قوم کو مقروض کردیا ہے۔ انہوں نے کہا آصف زردار ی 80 ء کی دہائی میں کیا تھے اور آج اربوں روپے کے مالک بن چکے ہیں، ان کی کرپشن کے بھی چرچے عوام میں ہیں، زرداری اور شریف فیملی کی کرپشن غداری کے زمرے میںآتی ہے۔ حکومت ناکام ہوچکی ہے اس لئے ملک میں نئے انتخابات انتہائی ناگزیر ہیں۔ نیٹ نیوز کے مطابق انہوں نے کہا پاکستان میں میٹنگ نہیں ہوسکتی اور لندن میں ہورہی ہے۔ کیا یہ خفیہ ملاقات ہے یا کوئی لندن پلان بن رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن