• news

لاہورسمیت متعدد شہر سموگ کی لپیٹ میں آ گئے‘ عوام کو دشواری کا سامنا

لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نامہ نگاران) صوبائی دارالحکومت اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے دیگر شہر میں بھی سموگ کی لپیٹ میں آگئے۔لاہور میں سموگ کی شدت میں گزشتہ روز نمایاں اضافہ ہو گیا‘ لوگوں کو سانس لینے کے دوران واضح طور پر سموگ محسوس ہونے لگی‘ آنکھوں میں جلن بھی بڑھ گئی‘ سموگ کے باعث سینکڑوں افراد مختلف بیماریوں کاشکار ہو کر گزشتہ روز ہسپتال پہنچ گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں سموگ کی شدت میں مزید اضافہ ہو گا‘ موجودہ پورے ہفتے میں بارشوں کا کوئی امکان نہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 12گھنٹوں میںملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ بالائی سندھ، پنجاب کے میدانی علاقوں خصو صاً لاہور،فیصل آباد، پنڈی بھٹیاں اور گردونواح میں صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک ر ہا۔ گزشتہ روز ریکارڈ کئے گئے سرد ترین مقامات کے درجہ حرارت میں سکردو میں منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ علاوہ ازیں چیف میٹرولو جسٹ محمد ریاض نے بارشیں نہ ہونے کے ساتھ ساتھ گردو غبار ، آلودگی ،گاڑیوں اور فیکٹریوں کے دھوئیں اور دھان کی مڈھیوں کو لگائی جانے والی آگ کو اس کی وجہ قرار دیا۔ طبی ماہرین نے بچوں، بوڑھوں اور مریضوں کو غیر ضروری کام سے باہر نہ نکلنے کی تاکید کی، خصوصاً دمے کے مریضوں کو خصوصی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا، ان کاکہناہے کہ باہرنکلنا مقصودہوتوماسک ضرورلگائیں اور آئی ڈراپس استعمال کریں۔

ای پیپر-دی نیشن