بجلی کی پیداوار میں اضافہ، ڈیمانڈ میں کمی، شہروں میں رات کو لوڈ شیڈنگ بند
لاہور (کامرس رپورٹر) ملک میں بجلی کی پیداوار میں اضافہ اور ڈیمانڈ میں کمی سے شارٹ فال مزید کم ہو گیا ۔ شارٹ فال میں کمی سے نہ صرف لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی کر دی گئی بلکہ صوبائی دارالحکومت سمیت بڑے شہروں میں رات کے وقت لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بند کر دیا گیا ۔ ارسا کی طرف سے ڈیموں سے پانی کے اخراج میں اضافہ سے ایک طرف بجلی کی ڈیمانڈ بڑھ گئی تو دوسری طرف ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت کم ہو جانے اوردرجہ حرارت میں کمی سے بجلی کی ڈیمانڈ میں کمی ہوئی۔ گزشتہ روز ارسا کی طرف سے منگلاسے پانی کا اخراج دوبارہ شروع کر دیا گیا جس سے ہائیڈ ل کی پیداوار میں اضافہ ہوا ۔ گزشتہ روز منگلا سے 20 ہزارکیوسک پانی کا اخراج کیا گیا ۔ گزشتہ روز شہروں میں 4 سے 6 گھنٹے دیہی علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی گئی۔