• news

ملک لوٹنے والوں، لینڈ، شوگر، ڈرگ مافیا کا بلاتفریق احتساب چاہتے ہیں: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ تیمرگرہ میڈیکل کالج عوام اور آئندہ نسلوں کے لئے ایک تحفہ اور نعمت ہے جس میں بہت جلد کلاسز شروع ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تیمرگرہ رانی کے مقام پر میڈیکل کالج کے افتتاحی تقریب میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف پر انحصار کے بجائے ہمیں آئندہ نسلوں کے لئے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے کیونکہ سعودی عرب میں بھی پاکستانی محنت کشوں پر روزگارکے دروازے بند کئے جارہے ہیں ا س لئے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں ہم نے آٹھ سو پی ایچ ڈی ڈاکٹرزکے ساتھ رابطہ کیا ہے تاکہ ملک کے ترقی کے لئے منصوبہ بندی کی جاسکے۔ بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں اور شلکنڈئی جندول میں تعزیتی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں ملک میں تعلیم مفت ہوگی۔ نجی سکولوں میں پڑھنے والے بچوں کی فیس حکومت ادا کرے گی۔ ملک میں انصاف اور علاج مفت ہوگا۔ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار ملنے تک ریاست بے روزگار ی الاؤنس دے گی۔ ستر سال سے زائد عمر کے لوگوں کو بڑھاپا الاؤنس دیا جائے گا۔ ملک و قوم کی لوٹی گئی رقم کو واپس لاکر وہی رقم اس ملک کے لوگوں پر خرچ کریں گے۔ یہ ملک تیس سال تک ٹیکس فری ہوگا۔ نواز شریف کی سیاست ختم ہوچکی ہے اور مصنوعی لیڈر شپ جو ہر وقت ٹی وی چینلز پر نظر آرہی ہے، یہ بھی ختم ہونے والی ہے۔ اس وقت ملک کے ایوانوں میں اکثر چور اور لٹیرے بیٹھے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ اس ایوان میں مزدور، غریب لوگ آئیں جو چوری کرنے کی بجائے عوام کی بے لوث خدمت کریں۔ ان ایوانوں میں بیٹھے جاگیرداروں نے اس ملک کو بے روزگاری، غربت، لوڈ شیڈنگ اور احساس محرومی کے تحفے دیئے ہیں۔ بلا تفریق ملک لوٹنے والوں ، لینڈ مافیا ، شوگر اور ڈرگ مافیا کا احتساب چاہتے ہیں۔ جب تک احتساب نہیں ہوگا، یہ ملک ترقی نہیں کر سکے گا۔

ای پیپر-دی نیشن