سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے فزیکل پلاننگ کے 28 ارب روپے کے منصوبوں کی منظوری دیدی
اسلام آباد (این این آئی)ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز نے کہاہے کہ سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کے مختلف منصوبوںکو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائیگا جبکہ سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے فزیکل پلاننگ کے 28 ارب روپے کے منصوبوں کی منظوری دی ہے۔وہ سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے فزیکل پلاننگ کے 28 ارب روپے کے منصوبوں کی منظوری دی ہے جس میں وزارت مواصلات نے بلوچستان گوادر موٹروے پولیس کے لئے ایس ایچ او دفتر کی تعمیر، قومی ہائی وے کیلئے لائن ہیڈکوارٹر کی تعمیر کیلئے 33 کروڑ 63 لاکھ 73 ہزار روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا جسے منظور کر لیا گیا ٗ وزارت داخلہ نے اجلاس میں خیبر ایجنسی گورگانا، پائیندا، چینا، ڈوگرا اور شلمن میں 4 ایکس ونگ کے لئے جگہ کی تعمیر کیلئے ایک ارب 42 کروڑ، 23 لاکھ 92 ہزار روپے کی لاگت کا منصوبہ، ایچ۔16 میں ماڈل جیل کے قیام کے لئے 7 کروڑ 35 لاکھ روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا، اس منصوبے کا مقصد ماڈل جیل کی تعمیر، ڈیزائن اور کنسلٹنسی خدمات حاصل کرنا ہے جسے اجلاس نے منظور کر لیا ۔ اجلاس میں شمال اور جنوبی بلوچستان فرنٹیئر کور کے لئے 9 اضافی ونگ کو بڑھانے اور مغربی سرحد کی سی اے ایف مینجمنٹ کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے دو منصوبے 2 ارب 26 کروڑ 14 لاکھ 91 ہزار روپے اور 20 ارب 16 کروڑ روپے کی لاگت کے پیش کیے جنہیں منظور کرلیا گیا۔