بالاکوٹ کے مہانڈری بازار میں آتشزدگی، معمر شخص جھلس کر جاں بحق
بالاکوٹ (اے پی پی) بالاکوٹ کے دور افتادہ علاقہ مہانڈری بازار میں آتشزدگی کے نتیجہ میں ایک شخص جھلس کر جاں بحق اور 12 دکانیں جل کر خاکستر ہو گئی ہیں۔ بالاکوٹ کے نواحی علاقہ مہانڈری میں آتشزدگی سے 70 سالہ محمد مسکین ولد شاہز اﷲ ساکنہ نکہ جرید جھلس کر جاں بحق ہو گیا، آتشزدگی کے باعث 12 دکانیں اور گھر کے تین کمرے جل کر راکھ ہو گئے ہیں۔ قریب ہی واقع مسجد کے دروازے اور کھڑکیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ۔ متاثرہ افراد کے مطابق آتشزدگی سے 18 لاکھ روپے مالیت سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق 70 سالہ مسکین ولد شاہزاﷲ سردی میں شدت کے اضافہ کے باعث آگ لگا کر خود کو سردی سے محفوظ کر رہا تھا کہ اس دوران آگ بھڑک اٹھی جس نے آناً فاناً شاہزاللہ سمیت 12 دکانوں اور مسجد کے دروازے اور کھڑکیوں کو جلا کر راکھ کر دیا۔ مقامی افراد نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم وہ ناکام رہے۔